Topics
سوال: اپنا ایک مسئلہ بیان کر رہی ہوں۔ امید ہے کہ آپ میری راہنمائی فرمائیں گے۔
خواجہ صاحب! میں اپنے شوہر کی فرمانبردار اور شریف بیوی ہوں۔ عزت اور شرافت کو ہی اپنا سب کچھ سمجھتی ہوں۔ میرا شوہر جو مجھ پر اکثر غلط قسم کا شک کرتا ہے اور الزام لگاتا رہتا ہے میں اسے اللہ اور اس کے رسول کی قسمیں کھا کر یقین دلاتی ہوں کہ میں ایسی عورت نہیں ہوں لیکن اب یہ ہو گیا ہے کہ کوئی مہمان آ جائے وہ اس کے بارے میں شک کرنے لگتے ہیں۔ اس غلط شک کی وجہ سے میں ڈپریشن کا شکار ہو گئی ہوں۔ اکثر سوچتی ہوں کہ ایسی زندگی سے تو موت بہتر ہے۔ لیکن خود کشی کو حرام جان کر رک جاتی ہوں۔
مجھے بتایئے کہ میرا شوہر ٹھیک ہو جائے اور ہماری ازدواجی زندگی اچھی گزرے۔
جواب: رات کو جب شوہر گہری نیند سو جائیں تو ان کے سرہانے کھڑی ہو کر ایک سو بار سورہ کوثر پڑھا دیا کریں۔ اللہ تعالیٰ اپنا فضل فرمائیں گے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔