Topics

اچھی زندگی۔رشتہ

سوال: میری منگنی تین سال پہلے میرے ماموں زاد بھائی سے ہوئی تھی۔ منگنی کا پروگرام باقاعدہ خوشی اور باہمی رضامندی سے طے ہوا تھا۔ میرے والدین بھی بہت خوش تھے اور میں بھی اللہ کے حضور شکر گزار رہتی تھی کیونکہ ہر والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی اولاد کی ان معاشرتی ذمہ داریوں سے باآسانی سبکدوش ہو جائیں۔ پچھلے دو ماہ سے لڑکے کے والدین کا رویہ اچانک بدل گیا اور ساتھ ساتھ لڑکے کے رویے میں بھی فرق آ گیا ہے۔ مختلف ذرائع سے سنا ہے کہ وہ رشتہ توڑنا چاہتے ہیں۔ جب رشتہ ختم ہونے کا تصور کرتی ہوں تو دماغ بوجھل ہو جاتا ہے۔ مستقبل سے مایوسی طاری ہو جاتی ہے۔ کیونکہ اس کی وجہ سے میری دو بہنیں جو مجھ سے چھوٹی ہیں ان کے اوپر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔ نماز پنجگانہ کے ساتھ دعا کرتی ہوں کہ اللہ مجھے سکون کے ساتھ اچھی زندگی دے۔ آپ سے ملتمس ہوں کہ کوئی روحانی علاج بتائیں جس سے میری منگنی قائم رہے اور بخوشی ہماری شادی ہو جائے۔ مجھے جواب کا انتظار رہے گا۔

جواب: بعد نماز عشاء تین سو بار یا وہاب اول و آخر درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کر کے پئیں اور اپنے مقصد کے لئے دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ دعاؤں کو قبول کرنے والا ہے۔ ہر جمعرات کو پانچ روپے خیرات کر دیں۔ عمل کی مدت اکتالیس دن ہے۔ ناغہ کے دن بعد میں پورے کر لیں۔


Topics


Roohani Daak (4)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔