سوال: ہماری والدہ صاحبہ ڈیڑھ سال سے مستقل بیمار ہیں۔ تین مرتبہ بیہوش ہو چکی ہیں۔ دو مرتبہ سینے میں درد ہو چکا ہے۔ اکثر پیٹ خراب رہتا ہے۔ جب تک دوا استعمال کرتی ہیں پیٹ ٹھیک رہتا ہے۔ دوا چھوڑنے سے پیٹ پھر خراب ہو جاتا ہے۔ دونوں پیروں میں جلن رہتی ہے۔ ہاتھوں پیروں میں اینٹھن رہتی ہے۔ ذرا سی بات کریں یا چلیں پھریں تو دل ڈوبنے لگتا ہے۔ زبان خشک ہو جاتی ہے، نیند بہت کم آتی ہے۔ کہتی ہیں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کسی نے دل نچوڑ لیا ہے یا کوئی مٹھی میں لے کر دبا رہا ہے۔ ڈاکٹر کہتے ہیں کہ کمزوری اور ڈیپریشن کی وجہ سے معمولی سی دل کی تکلیف ہے۔ آغا خان ہسپتال اور کارڈیوویسکولر میں ڈاکٹروں کا یہی کہنا ہے کہ بیماری کوئی نہیں ہے۔
جواب: آپ کی والدہ صاحبہ قبض کی پرانی مریضہ ہیں۔ جب پیٹ صاف نہیں ہوتا تو پیٹ میں تعفن بڑھ جاتا ہے۔ سڑی ہوئی گیس دل کے چاروں طرف گھومتی ہے تو دل پر بوجھ پڑتا ہے۔ رات کو سوتے وقت ایک بڑا چمچہ روغن زیتون پئیں۔ رنگ اور روشنی سے علاج کے طریقہ پر زرد شعاعوں کا پانی تیار کر کے دونوں وقت کھانا کھانے سے آدھا گھنٹہ قبل پلائیں۔ زرد شعاعوں کے تیل کی مالش صبح نہار منہ پورے پیٹ پر اچھی طرح کریں۔ چکنائی اور فرج میں رکھی ہوئی چیزوں سے مکمل پرہیز کریں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔
Searching, Please wait..