Spiritual Healing
سوال: میری عمر بیس سال ہے مجھ سے بڑی اور چھوٹی بہنوں کی شادی ہو چکی ہے اور بفضل خدا وہ اپنے گھروں میں خوش ہیں۔ فی الحال میرے رشتہ کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ جس کی وجہ سے میری شکل و صورت ہے مجھے بچپن میں چیچک کی بیماری ہوئی تھی۔
ابھی تک میرے چہرے پر چیچک کے نشان نمایاں ہیں۔ حالانکہ صوم وصلوٰۃ کی پابند اور والدین کی خدمت گزار ہوں۔ آج کل کے اس مادی دور میں سیرت کو کم اور صورت کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ چہرے کو خوبصورت بنانے کے لئے مختلف کریم استعمال کیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ آپ مجھے اپنی بیٹی سمجھ کر میری مشکل آسان کر دیں۔ امید ہے مایوس نہیں کرینگے۔ زندگی بھر احسان مند رہوں گی۔
جواب: یہ ہمارے معاشرے کا المیہ ہے کہ سیرت کے بجائے صورت کو فوقیت اور اہمیت دی جاتی ہے۔ آپ کسی قسم کے احساس کمتری کا شکار نہ ہوں۔ ہر نماز کے بعد اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ سو بار یا جمیل پڑھ کر اپنے چہرے پر ہاتھ پھیریں اور اپنے مقصد کے لئے دعا کریں۔ انشاء اللہ اس عمل سے آپ کے اندر انتہائی کشش اور خوبصورتی پیدا ہو جائے گی۔ عمل کی مدت اکتالیس دن ہے۔ اس عمل سے کوئی بھی مستفید ہو سکتا ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔