Spiritual Healing
سوال: روحانی ڈائجسٹ میں روحانی ڈاک کے ذریعے سینکڑوں لوگوں کے لئے علاج تجویز کر کے دکھی انسانیت کی خدمت کی جا رہی ہے۔ میں بھی تاحیات آپ کو دعائیں دوں گا۔ میرے مسئلہ کا حل تجویز فرما دیں۔ میری عمر 15سال ہے۔ بچپن ہی سے میری زبان سے صحیح الفاظ ادا نہیں ہوتے۔ زبان خم کھا جاتی ہے اور میں توتلا پن کا شکار ہوں۔ اگر میری زبان کا یہی حال رہا تو میں عمر بھر کے لئے احساس کمتری کا شکار ہو جاؤں گا۔ آپ میری مدد فرمائیں اور کوئی مؤثر نسخہ عنایت کریں۔ آپ کی دعاؤں کا زندگی بھر طالب رہوں گا۔
جواب: دو عمدہ قسم کی کھجوریں، عجوہ کھجوریں مل جائیں تو بہت اچھا ہے۔ شام کو دودھ میں پکائیں۔ رات کو کھلے آسمان کے نیچے رکھ دیں۔ صبح چھوارے کھا کر اوپر سے دودھ پی لیں۔ چھوارے کھانے سے پہلے دودھ کو اچھی طرح جوش دے لیں۔
سوتے وقت قد آدم آئینہ کے سامنے کھڑے ہو کر سورہ مریم کی آیت الگ الگ حروف کے ساتھ پڑھیں۔ پڑھتے وقت آئینہ میں اپنا عکس دیکھتے رہیں۔ سورہ مریم کی پہلی آیت 41مرتبہ پڑھنی چاہئے۔ آیت مسجد کے پیش امام صاحب سے معلوم کر لیں۔ یہ عمل ہر شخص کر سکتا ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔