Spiritual Healing
سوال: آپ کا نام سنا تو ٹوٹے ہوئے دلوں کو سورج کی ابتدائی کرنوں کی تپش محسوس ہوئی۔ بہت زیادہ لوگ آپ سے شفا پا چکے ہیں۔ مجھے قوی امید ہے بلکہ یقین ہے کہ آپ میرے مسئلے پر ہمدردانہ غور فرمائیں گے۔ میرا ایک بھائی ہے۔ گزشتہ 3سال سے مسلسل بخار ہے۔ اس کی بیماری کی کیفیت کچھ یوں ہے کہ اسے بخار اور الٹیاں شروع ہو جاتی ہیں۔ اگر وہ پانی بھی پئے تو الٹ جاتا ہے۔ ایک ماہ تک یہی کیفیت رہتی ہے پھر وہ بالکل ٹھیک ہو جاتا ہے۔ اور ایک ماہ بعد وہی حالت ہو جاتی ہے۔ ہمارا سارا کنبہ بہت زیادہ پریشان ہے۔ میرا تو سارا سکون تہ و بالا ہو چکا ہے۔ کسی کام میں دل نہیں لگتا۔ ہر وقت خیالات کی دنیا میں غلطاں رہتی ہوں۔
جواب: سونف، پودینہ، بڑی الائچی پانی میں جوش کر کے چھان کر بھائی کو چند روز پلائیں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔