Spiritual Healing
سوال: بعد سلام کے عرض ہے کہ میری شادی کو ساڑھے چار سال ہو گئے ہیں لیکن اولاد سے محروم ہوں۔ ڈاکٹری تشخیص کے مطابق میری ایک ٹیوب بند ہے۔ میرے شوہر کی رپورٹ صحیح ہے۔ میں اپنا طبی علاج بھی کروا رہی ہوں۔ چاہتی ہوں کہ ساتھ ہی ساتھ روحانی علاج بھی کروں۔ میرے شوہر کو جنون کی حد تک اولاد کا شوق ہے اور اب انہوں نے مجھ پر توجہ دینا بھی کم کر دیا ہے، نہ ہی میری کوئی ضرورت پوری کرتے ہیں۔ میں ایک اسکول میں پڑھا کر اپنا خرچ پورا کرتی ہوں۔ میں آپ سے التجا کرتی ہوں کہ مجھے کوئی وظیفہ پڑھنے کے لئے بتا دیں جس سے میری گود بھر جائے اور میر اگھر آباد رہے۔ میرے شوہر کوئی بھی وظیفہ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
جواب: رات کو عشاء کے بعد یا صبح فجر کی اذان کے بعد، فجر کی نماز سے پہلے 300بار اِلَّا اللّٰہُ کُلِّ شَيْءٍ مُّحِيطٌ پڑھ کر پیٹ پر دم کریں اور دعا کریں۔ نیلی رنگ و روشنی کا تیل کمر کے جوڑ جو کولہوں کے درمیان ہوتاہے، دائروں میں صبح اور رات کو دس دس منٹ مالش کروائیں۔ روزانہ کھانوں میں میتھی کا ساگ کھائیں۔ پرہیز کسی چیز کا نہیں ہے۔ البتہ اچار اور چکنائی سے پرہیز کریں۔ ہر جمعرات کو پانچ روپے صدقہ کر دیا کریں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔