Spiritual Healing
سوال: ہمارے گھر کی حالت بہت خراب ہے۔ چوبیس گھنٹے لڑائی جھگڑا رہتا ہے۔ میرے بھائی بھی نہایت نافرمان ہیں۔ والدین کا ادب ہے نہ بڑے بھائی بہنوں کا۔ پڑھنے میں بھی دل نہیں لگتا ہے۔ مارپیٹ کر اسکول چھوڑنے جاتے ہیں مگر ان پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ ہم سب اس کی وجہ سے پریشان ہیں۔ کوئی کاروبار کریں نقصان ہوتا ہے۔ قدم آگے بڑھائیں تو پیچھے کی طرف جاتے ہیں۔
زندگی مصیبت بن گئی ہے۔ امی جان ہر ایک کو گالیاں دیتی رہتی ہیں۔ اگر گھر میں کوئی مہمان آ جائے تو اس وقت بھی ہم ان کے پاس سکون سے بیٹھ نہیں سکتے۔ ہر وقت غم و غصے کا عالم طاری رہتا ہے۔ بابا جانی! خدا جانے کیا ہو گیا ہے۔ یہ سب کچھ دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے۔ آخر ہم کب تک اسی طرح سسک سسک کر جلتے رہیں گے؟
جواب: عصر اور مغرب کے درمیان چاندی کے چھوٹے سے پیالے میں پانی بھر کر کھلے آسمان کے نیچے رکھ دیں۔ صبح سورج طلوع ہونے سے پہلے ایک بار یا ودود پڑھ کر دم کر دیں۔ اپنی والدہ اوربھائی کو ایک ایک گھونٹ یہ پانی پلا دیں۔ یہ عمل چالیس روز تک کریں۔ یا ودود کا عمل بہرحال سورج نکلنے سے پہلے کریں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔