Spiritual Healing

کشش۔مرد کو مردوں میں کشش


سوال: میں ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ، اسلامی ذہن رکھنے والا خوبرو جوان ہوں۔ شادی شدہ اور بچوں والا ہوں میں ایک مکمل مرد ہوں۔مجھے دیکھ کر کوئی بھی میری چال ڈھال، بول چال اور کام کاج میں مردانگی پر شک نہیں کرتا مگر مجھے اپنے اندر ایک کسک سی محسوس ہوتی ہے۔ مجھے مردوں میں بہت کشش محسوس ہوتی ہے جو کہ مجھے عورتوں اور نوجوان لڑکیوں میں حتیٰ کہ بیوی میں بھی محسوس نہیں ہوتی اور یہ حالت میری شعور پکڑنے کی عمر سے مسلسل چلی آ رہی ہے۔ اس نفسیاتی مسئلہ نے مجھے ذہنی کشمکش کا شکار بنادیا ہے۔ شرم اور جھجک کی وجہ سے نہ کسی سے کچھ کہہ سکتا ہوں اور نہ کسی معالج کے سامنے راز اگل سکتا ہوں۔ میں نے جب سے ہوش سنبھالا ہے تب سے میں نے محسوس کیا کہ مجھے بجائے جنس مخالف کے ہم جنس میں زیادہ کشش محسوس ہوتی ہے۔ اب یہ عالم ہے کہ مجھے اپنی بیوی میں کشش محسوس نہیں ہوتی۔ میری بیوی تنگ آ گئی ہے اور میں خود بھی پریشان ہوں۔ میری مدد کریں اور مجھے اس عذاب سے نجات دلائیں۔ میری بیوی نے علیحدگی  کا نوٹس دے دیا ہے۔

جواب: روزانہ وضو کر کے ایک کپ پانی پر تین مرتبہ بسم اللہ شریف کے ساتھ لَااِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ سُبْحَانَکَ اِنِّیْ کُنْتُ مِنَ الظَّالِمِیْنَo اَللّٰہُ نُوْرُ السَّمٰوٰاتِ وَاْاَرْضِoلَاتَاْ خُذُہٗ سِنَۃُٗ وَّلَانَوْمo پڑھ کر دم کر کے پئیں۔ یہ عمل بلاناغہ چالیس روز تک جاری رکھیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مردوں میں کشش محسوس ہونے کی رغبت ختم ہو جائے گی اس عمل کے دوران ہر جمعرات کو پانچ روپے خیرات کریں۔

Topics


Roohani Daak (4)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔