Spiritual Healing
سوال: پتے کے آپریشن کے بعد سے مجھے چکر بہت آتے ہیں۔ گیس کی بھی شکایت ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ میرے دونوں کانوں میں عجیب و غریب قسم کی آوازیں آتی ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کانوں میں انجن چل رہا ہے۔ اگر کوئی گز دو گز کے فاصلے سے بات کرے تو آواز سنائی نہیں دیتی اور بات سمجھ میں نہیں آتی۔ دونوں کانوں میں ڈھکنے سے پڑے ہوئے ہیں۔ علاج بہت کروایا۔ اچھے سے اچھے کان کے ماہر ڈاکٹر کو دکھایا لیکن کوئی فرق نہیں پڑا۔ میری اس حالت کو چار سال ہو گئے ہیں۔ میں ہر طرف سے مایوس ہو کر آپ کی خدمت میں عرض کر رہی ہوں۔ خدارا میری پریشانی اور بیماری کا کوئی علاج تجویز کریں۔ میں آپ کا یہ احسان زندگی بھر نہیں بھولوں گی۔
جواب: کانوں میں آوازیں، دواؤں کی خشکی اور اینٹی بائیوٹک اثرات اور خواب آور دواؤں کی وجہ سے آتی ہیں۔ اس کا علاج یہ ہے کہ دو ٹیبل اسپون بنفشہ کے پتے کھولتے ہوئے پانی میں ڈال کر چائے کی طرح دم کر لیں۔ رات سوتے وقت اور صبح نہار منہ ایک ایک پیالی یہ جوشاندہ چینی ڈال کر پئیں۔ زردشعاعوں کا تیل پیٹ کے اوپر نہار منہ جوشاندہ پینے سے پہلے اچھی طرح مالش کریں۔
کھانوں میں چکنائی اور چاول سے پرہیز کریں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔