Spiritual Healing
سوال: میرے گھر میں سکون نہیں ہے۔ روزانہ کی ڈانٹ اور مار پیٹ سے میں تنگ آ چکی ہوں۔ یرے والد اور والدہ دونوں غصہ کے بہت تیز ہیں۔ مجھے اور میرے بہن بھائیوں کو چھوٹی چھوٹی باتوں پر ڈانٹتے اور مارتے ہیں۔ والد کا ہاتھ بہت زور سے لگتا ہے۔ ابو کی بہت سی باتیں ایسی ہیں جو کسی کو بھی پسند نہیں ہیں۔ گھر میں کوئی مہمان آ جائے تو چھوٹی چھوٹی باتوں پر ڈانٹتے ہیں اور صفائی میں بھی نقص نکالتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مہمان چلے جائیں پھر بتاؤں گا۔ چچا، چچی، تائی وغیرہ نے ابو کو بہت سمجھایا۔ مگر ابو کی سمجھ میں کوئی بات نہیں آتی بلکہ اور زیادہ ڈانٹنے لگتے ہیں۔ ہر کسی کو ابو کی عادتوں کا پتہ ہے، اسی لئے ہمارے گھر کوئی بھی رہنے نہیں آتا۔ میں نے ابو میں ایک بات نوٹ کی ہے کہ ابو سب کے سامنے بڑائی جتاتے ہیں۔ کھانوں میں برائیاں نکالتے ہیں۔ امی کو روزانہ کہتے ہیں کہ تم کو ابھی تک کھانا پکانا نہیں آیا۔
جواب: آپ کے امی ابو بلڈ پریشر کے مریض ہیں۔ ان کا صحیح علاج ہونے کے ساتھ ساتھ پرہیزی غذا بھی ضروری ہے۔ صبح سورج طلوع ہونے سے پہلے اول آخر ایک ایک بار درود خضری کے ساتھ ایک مرتبہ یا ودود پڑھ کر پانی پر دم کر کے دونوں کو پلا دیا کریں۔
امی ابو کو پہلے سے بتا دیں کہ ہم نے عظیمی صاحب کو خط لکھا تھا۔ انہوں نے یہ علاج تجویز کیا ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔