Spiritual Healing
سوال: عظیمی صاحب! آپ بہت سے لوگوں کے مسائل حل کرتے ہیں۔ مہربانی فرما کر میرا بھی مسئلہ حل کر دیں۔ شادی کے ایک سال بعد اللہ تعالیٰ نے مجھے بیٹا دیا جو کہ اب ماشاء اللہ ساڑھے تین برس کا ہو گیا ہے۔ اس کے بعد پھر مجھے بالکل حمل نہیں ہوا جس کی وجہ سے خاصی پریشان ہوں۔ ہر وقت نلوں اور کمر میں درد رہتا ہے۔ نلوں میں الٹی طرف اور درمیان میں زیادہ درد رہتا ہے۔ پہلے بھی میں نے ڈاکٹری علاج کروایا تھا تو پتہ چلا کہ اندر زخم ہے۔ اور اب الٹرا ساؤنڈ کروایا ہے۔ تو معلوم ہوا ہے کہ اندر رسولی ہے کوئی کہتا ہے کہ کسی نے آپ کی اولاد بند کر دی ہے۔ مہربانی فرما کر کوئی علاج تجویز فرما دیں اور اولاد کے لئے کوئی وظیفہ بتا دیں تا کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے پر امید ہو جاؤں۔
جواب: ڈاکٹروں کی تشخیص صحیح ہے۔ آپ رسولی کا آپریشن کرا لیں۔ عشاء کے بعد 300بار یا اول پڑھ کر پانی پر دم کر کے پئیں۔ رات کو سوتے وقت نیلی شعاعوں کا تیل کمر کے جوڑ پر جو کولہوں کے درمیان ہوتا ہے، دائروں میں ہلکے ہاتھ سے دس منٹ تک مالش کرائیں۔ ہر جمعہ کو سوا پانچ روپے خیرات کریں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔