Spiritual Healing
سوال: بات کچھ یوں ہے کہ دو تین سال قبل میں اپنی سہیلیوں کے ساتھ جھولا جھول رہی تھی کہ اچانک ایک لڑکی نے دھکا دیا اور میں تقریباً دو فٹ کی بلندی سے نیچے گری اور میرا تمام وزن میرے بائیں گھٹنے میں آ گیا اور وہ مڑ کر سیدھا ہو گیا۔ بہت شدید تکلیف ہوئی۔ میں نے کسی کو نہیں بتایا۔ پھر ایک دفعہ یہ ہوا کہ میں بس سے نیچے اترنے لگی تو گھٹنا اتنی زور سے مڑا کہ لگتا تھا کہ گھٹنے کے جوڑ الگ ہو گئے ہیں۔ امی ڈاکٹر کے پاس لے کر گئیں ایکسرے بالکل ٹھیک نکلا۔ دو ہفتے پہلے میں اسکول میں تھی واپس مڑنے کے لئے میں جیسے ہی مڑی یکلخت گر گئی اور میرے گھٹنے کا جوڑ باہر کو نکل گیا۔ خواجہ صاحب آپ بالکل یقین نہیں کریں گے کہ کھڑے کھڑے ہی میں گر گئی۔ گرتے ہی شاید وزن پورے کا پورا اس بائیں ٹانگ پر پڑ گیا اور وہاں سے گھٹنے کی ہڈی باہر آ گئی یعنی گھٹنے کے دو حصے ہو گئے پھر ہسپتال لے گئے اور ہڈی خود اپنی جگہ پر سیٹ ہو گئی اتنی شدید تکلیف ہوئی کہ میں آپ کو بتا نہیں سکتی ایکسرے بالکل ٹھیک آیا ہے۔ ڈاکٹر نے کہا کہ خون جم گیا تھا۔
جواب: روغن سورنجان تلخ کمر کے جوڑ پر اور نیلی شعاعوں کا تیل گردن کے جوڑ پر دائروں میں ایک ماہ تک مالش کریں۔ زیادہ بہتر ہے کہ فزیو تھراپی کرائیں۔ مالش میں تیل یہی استعمال کریں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔