Spiritual Healing

روشنی۔ نافرمان بیٹا

سوال: کافی عرصہ سے روحانی ڈائجسٹ پڑھتی ہوں۔ دل کو کافی سکون ملتا ہے۔ بصیرت افروز مضامین سے دل شاداب اور آنکھیں منور ہو جاتی ہیں۔ میں اللہ تعالیٰ کا ہر وقت شکر ادا کرتی ہوں۔ جس نے مجھے گھر دولت شوہر اور بچے دیئے۔ میرا بیٹا جس کی عمر 12سال ہے نویں کلاس کا طالب علم ہے جو مستقبل میں ڈاکٹر بننا چاہتا ہے۔ ہم سب اس کے لئے دعا گو ہیں۔ پچھلے چند ماہ سے معلوم نہیں اس کو کیا ہوا بدتمیزی اور نافرمانی پر اترا ہوا ہے۔ پڑھائی میں دلچسپی نہیں لیتا۔ ہر وقت غلط دوستوں میں اپنا وقت ضائع کرتا ہے۔ ہزار سمجھانے کے باوجود وہ اپنی ان منفی حرکات سے باز نہیں آتا۔ شروع کی قابلیت اور تابعداری کی طرف نظر دوڑاتی ہوں تو آنکھوں سے آنسو نکلتے ہیں۔ معلوم نہیں کہ یکایک ہمارے بیٹے کو کیا ہوا۔ ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ ازراہ کرم ہمارے بیٹے کے لئے کوئی وظیفہ ارسال فرمائیں تا کہ یہ بچہ صحیح رستے پر آ جائے اور ہمارے دل کی امیدوں کی روشنی بن کر مخلوق خدا کی خدمت کرے۔

جواب: جب آپ کا بیٹا گہری نیند سو جائے تو اس کے سرہانے کھڑے ہو کر ایک بار سورۃ الکوثر پڑھ کر اس کا نام لے کر یہ جملہ دہرائیں۔ تم ایک تابعدار ذہین اور ہونہار انسان ہو۔

21دن تک یہ عمل کریں۔ ہر جمعرات کو دو روپے خیرات کریں۔


Topics


Roohani Daak (4)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔