Spiritual Healing

رنگین مزاج شوہر

سوال: میری شادی کو تقریباً تین سال ہو گئے ہیں۔ جس میں صرف دو ماہ میں نے خوشی کے دیکھے ہیں۔ شوہر صاحب کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایئے کہ وہ مجھے والدین کے گھر چھوڑ گئے بعد میں پوچھنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ میں سوچ سوچ کر پاگل ہوئی جا رہی ہوں۔ خدارا مجھے اپنی بیٹی سمجھ کر میری مدد کیجئے۔ جب بھی شوہر سے بات کرتی تو وہ جھگڑے پر اتر آتے اور دوسری شادی کرنے کی دھمکی دیتے۔ آپ سے گزارش ہے کہ خدا کے لئے میرے گھر کو اجڑنے سے بچائیں۔ میں زندگی بھر آپ کا یہ احسان نہیں بھولوں گی۔

جواب: تمام کاموں سے فارغ ہو کر سونے سے پہلے اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ سورہ اخلاص پوری سورۃ پڑھ کر بات کئے بغیر بستر میں چلی جائیں اور ساتھ ہی آنکھیں بند کر کے شوہر کا تصور کریں اور اسی تصور میں سو جائیں۔ عمل کی مدت 90دن ہے۔ ناغہ کے دن بعد میں پورے کر لیں۔

اللہ کے کلام کی برکت سے انشاء اللہ آپ کے شوہر دوسری شادی نہیں کریں گے۔ اور ایک وقت ایسا آئے گا کہ آپ دونوں ایک دوسرے کے گہرے دوست اور زندگی کے اچھے ساتھی بن جائیں گے۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہے۔


Topics


Roohani Daak (4)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔