Spiritual Healing
سوال: میں کچھ عرصہ سے ذہنی دباؤ کا شکار ہوں۔ ذہنی کمزوری کے علاوہ دل مطمئن نہیں ہوتا۔ مایوسی، غمگین اور حساس پن میری طبیعت میں پایا جاتا ہے۔ خود اعتمادی بھی نہیں ہے۔ کسی کے سامنے کھل کر بات نہیں کر سکتی۔ ذرا ذرا سی بات پر پریشان ہونے کی عادت ہو گئی ہے۔ پڑھائی میں دل نہیں لگتا۔ حالانکہ حالات کچھ اس قسم کے ہیں کہ میں اپنی پڑھائی کو بہت ضروری خیال کرتی ہوں۔ ایف اے کی طالبہ ہوں اور جانتی ہوں کہ کتنی محنت کی ضرورت ہے مگر اس کے باوجود دل اور دماغ مائل نہیں ہوتے۔
پڑھائی تو اپنی جگہ اور بھی کوئی ذوق و شوق نہیں ہے۔ گھریلو کاموں میں بھی ماہر نہیں ہوں۔
جواب: کثرت سے یا حی یا قیوم پڑھا کریں کھانوں میں میٹھی چیزیں زیادہ کھائیں۔ صبح ہر حال میں فجر کی نماز سورج نکلنے سے پہلے ادا کریں۔ فجر کی نماز کے بعد قرآن پاک میں سے ایک رکوع پڑھ کر اس کے معانی اور مفہوم پر غور کریں۔ ناشتہ میں روزانہ عمدہ قسم کا ایک سیب کھائیں۔ گھر کے کام میں دلچسپی لیں۔ گھر میں بچوں کو پڑھایا کریں۔ بچوں کو پڑھانے سے آپ کے اندر خود اعتمادی آ جائے گی۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔