Spiritual Healing

دیدارِ نبی محمد صلی اللہ علیہ و سلم

سوال: روحانی ڈائجسٹ پچھلے کئی ماہ سے زیر مطالعہ ہے۔ روحانیت کے موضوع پر بصیرت افروز مضامین پڑھ کر دل خوش ہوتا ہے۔ میرے دل میں ایک بہت ہی دیرینہ خواہش ہے اور میں اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ مجھے خواب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی زیارت کرا دیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ نماز پنجگانہ اور روزہ کی پابند ہوں۔ ہر وقت دل میں یہی خواہش رہتی ہے۔ آپ کی روحانی نماز کی کتاب اور ڈائجسٹ کے مطالعہ کے بعد محسوس کرتی ہوں کہ آپ کی دعاؤں سے اللہ میری اس دیرینہ خواہش کی تکمیل کر دے گا۔ 

مجھے امید ہے کہ آپ مایوس نہیں کرینگے اور کوئی عمل بتائیں گے۔ انتظار رہے گا۔

جواب: میں اللہ سے دعا گو ہوں کہ آپ کی یہ عظیم اور قابل قدر خواہش پوری ہو جائے۔ آپ روزانہ بعد نماز عشاء اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ سو مرتبہ یا حی یا قیوم کا ورد کر کے اپنے مقصد کے لئے دعا کریں اور بات کئے بغیر سو جائیں۔ انشاء اللہ اکتالیس دن کے اس عمل سے آپ کی دیرینہ خواہش تکمیل پائے گی۔ جب مقصد پورا ہو جائے تو بچوں میں شیرنی تقسیم کر دیں اور دو رکعت نماز شکرانہ ادا کریں۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہے۔


Topics


Roohani Daak (4)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔