Topics

تین دن کے بعد قبر میں مردہ زندہ ہو گیا

حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے چار افراد کو زندہ کیا ایک عازر نام کا شخص تھا جو آپ کا وفادار تھا۔ جب وہ بیمار ہوا اور اس کی حالت نازک ہو گئی تو اس کی بہن نے آپ کو اطلاع بھجوائی اس کا گھر تین روز کی مسافت پر تھا۔ جب آپ اس کے گھر پہنچے تو عازرکو مرے ہوئے تین دن ہو گئے تھے۔ آپ نے اس کی بہن سے کہا مجھے اس کی قبر پر لے چل، قبر پر جا کر آپ نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی، عازر زندہ ہو کر قبر سے باہر آ گیا۔ ایک مدت تک وہ زندہ رہا اس نے شادی کی اور اولاد کی خوشیاں دیکھیں۔ ایک مرتبہ جنازہ آپ کے سامنے سے جا رہا تھا۔ یہ ایک بیوہ بڑھیا کے بیٹے کا جنازہ تھا۔ بڑھیا نے آپ سے رو رو کر فریاد کی کہ:

’’میرا ایک ہی بیٹا تھا آپ اللہ کے نبی ہیں میرے بیٹے کو زندہ کر دیں۔‘‘

آپ نے لڑکے کے لئے دعا کی تو لڑکا زندہ ہو گیا۔

ایک لڑکی کا انتقال ہو گیا حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے اس کے لئے دعا کی اور وہ زندہ ہو گئی۔

سام بن نوح جن کی وفات کو ہزاروں سال گزر چکے تھے لوگوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام سے کہا ان کو زندہ کریں آپ لوگوں کی نشاندہی پر ان کی قبر پر پہنچے اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی سام نے سنا تو وہ خوف زدہ ہو کر اٹھ کھڑے ہوئے اور انہیں یہ گمان ہوا کہ قیامت آ گئی ہے۔ اس خوف سے ان کے سر کے آدھے بال سفید ہو گئے پھر وہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر ایمان لائے۔ انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام سے درخواست کی کہ دوبارہ انہیں سکرات موت کی تکلیف نہ ہو تھوڑی دیر بعد سام بن نوح کا انتقال ہو گیا۔


Topics


Mohammad Rasool Allah (3)

خواجہ شمس الدین عظیمی

قرآن کریم میں اﷲ تعالیٰ نے جو کچھ ارشاد فرمایا ہے اس میں کوئی سورہ، کوئی آیت اور کوئی نقطہ مفہوم و معانی سے خالی نہیں ہے۔ اﷲ کے علوم لامتناہی ہیں۔ اﷲ کا منشاء یہ ہے کہ ہم لوگوں کو آگے بڑھتا دیکھ کر خود بھی قدم بڑھائیں اور اﷲ کی نعمتوں کے معمور خزانوں سے فائدہ اٹھائیں۔ قرآن پاک میں انبیاء سے متعلق جتنے واقعات بیان ہوئے ہیں ان میں ہمارے لئے اور تمام نوع انسانی کیلئے ہدایت اور روشنی ہے۔ کتاب محمد رسول اﷲ۔ جلد سوئم میں عظیمی صاحب نے مختلف انبیاء کرام کے واقعات میں روحانی نقطۂ نظر سے اﷲ تعالیٰ کی حکمت بیان فرمائی ہے۔