Topics

اللہ کی نشانی

قوم کے چیدہ چیدہ سرداروں نے وعدہ کیا کہ اگر تم ہمارے مطالبے کے عین مطابق نشانی دکھا دو گے تو ہم تمہاری صداقت پر ایمان لے آئیں گے۔ ظاہر پرست سرداروں کے پیش نظر یہ بات تھی کہ ایسی نشانی کا مطالبہ کیا جائے جس کا پورا ہونا ناممکن ہو اور جب حضرت صالح علیہ السلام ان کے مطالبے کے مطابق معجزہ دکھانے میں ناکام رہیں گے تو حضرت صالح علیہ السلام نبوت کے جھوٹے دعویدار ثابت ہو جائیں گے لہٰذا اپنی محدود عقل کے مطابق انہوں نے مطالبہ کیا:

’’سامنے پہاڑ سے ایک ایسی اونٹنی ظاہر ہو جو اسی وقت بچہ جنےا ور دودھ بھی دے۔‘‘

حضرت صالح علیہ السلام نے بارگاہ الٰہی میں دعا کی۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے برگزیدہ بندے کی دعا قبول فرمائی اور پہاڑ پھٹ گیا اور اس بڑے شگاف میں سے نہایت عظیم البحثہ اونٹنی باہر نکل آئی، اونٹنی نے پہاڑ میں سے نکلتے ہی بچہ کو جنم دیا۔

حق و صداقت کی یہ واضح نشانی دیکھ کر کچھ لوگ حضرت صالح علیہ السلام پر ایمان لے آئے مگر بہت سے لوگوں نے تاریکی کو ہدایت پر ترجیح دی، حضرت صالح علیہ السلام نے قوم کو اصلاح احوال کی دعوت دی، انہیں اللہ تعالیٰ کے انعامات و اکرامات یاد دلائے، گزشتہ کئے گئے اعمال کی معافی اور پیغام الٰہی کے اتباع کا درس دیا اور فتنہ و فساد سے باز رہنے کی تلقین کی۔

’’آپ ؑنے بتایا کہ زندگی اور محسوسات کے دائرے سے ماوراء اور دنیائیں موجود ہیں اور یہ سب کچھ ایک ماورا الماورا ہستی نے تخلیق کیا ہے، اسی نے تمہیں دنیا کی زندگی میں نعمتوں سے سرفراز کیا ہے۔ یہ لہلہاتے کھیت، سرسبز باغات، خوشنما پھولوں سے مزین زمین کے قطعات، ٹھنڈے بادل، باد و باراں، پتھروں سے پھوٹنے والے کِل کِل کرتے چشمے، حیات بخش رواں دواں دریا، وسائل کی فراوانی سے تمہارے خوشحالی اور آسودگی کا باعث بننے والے علوم و فنون یہ سب بے مقصد پیدا نہیں کئے گئے، اللہ نے تمہیں یہ سب کچھ اس لئے عطا کیا ہے کہ تم شکر کے ساتھ اس کا استعمال کرو، حق تلفی اور ظلم و ستم کے بجائے امن و آشتی سے سب کو ان نعمتوں سے مستفید ہونے کا موقع دو، اللہ کے ہاں ہر چیز کا حساب ہے تمہیں ان نعمتوں کا حساب دینا پڑے گا، مت بھولو کہ تمہارے ہر اچھے برے عمل کی پرسش کی جائے گی اگر تم نے غفلت برتی اور اس تمدنی ترقی کو تفاخر کا ذریعہ بنا دیا تو قانون قدرت تمہارے عالیشان محل اور ہرے بھرے باغات کو کھنڈرات میں تبدیل کر دے گا اور دنیا و آخرت کے خسارے کے علاوہ تمہارے ہاتھ کچھ نہ آئے گا۔‘‘


Topics


Mohammad Rasool Allah (3)

خواجہ شمس الدین عظیمی

قرآن کریم میں اﷲ تعالیٰ نے جو کچھ ارشاد فرمایا ہے اس میں کوئی سورہ، کوئی آیت اور کوئی نقطہ مفہوم و معانی سے خالی نہیں ہے۔ اﷲ کے علوم لامتناہی ہیں۔ اﷲ کا منشاء یہ ہے کہ ہم لوگوں کو آگے بڑھتا دیکھ کر خود بھی قدم بڑھائیں اور اﷲ کی نعمتوں کے معمور خزانوں سے فائدہ اٹھائیں۔ قرآن پاک میں انبیاء سے متعلق جتنے واقعات بیان ہوئے ہیں ان میں ہمارے لئے اور تمام نوع انسانی کیلئے ہدایت اور روشنی ہے۔ کتاب محمد رسول اﷲ۔ جلد سوئم میں عظیمی صاحب نے مختلف انبیاء کرام کے واقعات میں روحانی نقطۂ نظر سے اﷲ تعالیٰ کی حکمت بیان فرمائی ہے۔