Topics

نیند میں جھٹکے لگنا


سوال: سات سال سے میں ایک مرض میں مبتلا ہوں اور یہ مرض کسی کی بھی سمجھ میں نہیں آتا۔ مرض یہ ہے کہ سو کر جب اٹھتی ہوں تو مجھے جھٹکے لگتے ہیں اور زوردار چیخ نکلتی ہے۔ ہاتھ پاؤں اکڑ جاتے ہیں۔زبان دانتوں کے نیچے آ کر کٹ جاتی ہے۔ دماغ میں جو باتیں ہوتی ہیں وہ بھول جاتی ہوں۔ کوئی بات کرتا ہے تو سمجھ میں نہیں آتی، دورے کے بعد سردی لگتی ہے۔

جواب: دوا کے ساتھ ساتھ چلتے پھرتے، اٹھتے بیٹھتے، وضو بغیر وضو یَا سلامُ کا ورد کرتی رہیں۔ سورج کی تمازت ختم ہونے کے بعد زوال شروع ہوتا ہے تو زمین کے اندر سے ایک گیس خارج ہوتی ہے۔ یہ گیس اس قدر زہریلی ہوتی ہے کہ آدمی کے اوپر اثر انداز ہونے سے قسم قسم کی بیماریاں پیدا کر دیتی ہے۔ بعض اوقات دماغی نظام اس حد تک درہم برہم ہو جاتا ہے کہ دورے پڑنے لگتے ہیں۔ جب کوئی بندہ ذہنی طور پر یکسو ہو کر ظہر کی نماز میں مشغول ہو جاتا ہے کہ نماز کی نورانی لہریں  اسے زہر ناک گیس سے محفوظ رکھتی ہیں۔ آپ ظہر کی نماز میں طویل سجدے کیا کریں یعنی سبحان ربی الاعلیٰ تین مرتبہ کہنے کے بجائے گیارہ مرتبہ کہا کریں۔ 

Topics


Roohani Daak (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔