Topics

شوہر نے آنکھیں بدل لیں


سوال: میرے شوہر بہت اچھے تھے۔ مجھے چاہتے بھی بہت تھے لیکن جب سے خدا نے مجھے ماں بنایا ہے ان کا رویہ میرے ساتھ پہلے جیسا نہیں رہا۔ میں انہیں اس لئے برا نہیں کہوں گی کہ یہ بات شریعت کے خلاف ہے۔ ماں بننے سے پہلے شوہر میرا اتنا خیال رکھتے تھے کہ گھر کا سارا کام خود انجام دیتے تھے۔ یہاں تک کہ مجھے کھانا پکا کر کھلاتے تھے۔ اب نہیں معلوم انہیں کیا ہو گیا ہے کہ وہ میرا پہلے جیسا خیال نہیں رکھتے۔ ذرا ذرا سی بات پر ناراض ہو جاتے ہیں۔ حالانکہ مجھے اپنے شوہر سے بے پناہ محبت ہے اور میں ان کے لئے اپنی جان بھی قربان کرنے کو تیار ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ میرے شوہر ویسے ہی ہو جائیں جیسے پہلے تھے۔

جواب: سب کاموں سے فارغ ہونے کے بعد رات کو سونے سے پہلے اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ سو مرتبہ بِسْمِ اللّٰہِ اَلْوَاسِعُ جَلَّ جَلَالُہٗ پڑھ کر بات کئے بغیر بستر میں چلی جائیں۔ آنکھیں بند کر کے اپنے شوہر کا تصور کرتے کرتے سو جائیں اور یہ توقع اپنے ذہن سے نکال دیں کہ شوہر آپ کو کھانا پکا کر کھلائیں۔ دانشوروں کا قول ہے کہ خوش ذائقہ اور لذیذ کھانا مرد کی سب سے بڑی کمزوری ہے۔ آپ اچھے اچھے کھانے پکا کر اپنے شوہر کے سامنے رکھیں اور کبھی کبھی انہیں اپنے ہاتھ سے لقمے بنا کر کھلائیں۔ اس عمل سے محبت بڑھتی ہے۔

Topics


Roohani Daak (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔