Topics

دواؤں کا ری ایکشن


سوال: ایک سال سے میری بہن بیمار ہے۔ شروع میں اسے بخار آنا شروع ہوا۔ پھر اس کے گال سرخ ہو گئے۔ گھر والوں نے سمجھا کہ بخار کی وجہ سے گال سرخ ہو گئے پھر اسے الٹیاں آنا شروع ہو گئیں۔ ٹانگوں کی رگیں کھینچ گئیں اور وہ چلنے پھرنے کے قابل نہیں رہی۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ کسی دوا کا ری ایکشن ہو گیا ہے۔ ہسپتال میں دو مہینے داخل رہی اور ٹھیک ہو گئی۔ لیکن تھوڑے دنوں کے بعد پھر بیمار ہو گئی۔ صرف گال سرخ ہوتے تھے لیکن اس کے بعد پورے جسم پر دانے نکل آئے جو اب کالے داغ کی شکل میں باقی رہ گئے ہیں۔ تشخیص ہوئی تو پتہ چلا کہ جلد کی کوئی بیماری لگ گئی ہے۔ بازو پر سے کھال کاٹ کے جلد کے سرجن کو ٹیسٹ کرانے کے لئے بھیجی گئی۔ لیکن رپورٹ بالکل ٹھیک تھی۔ اب پھر اس کی طبیعت  بہت خراب ہو گئی ہے ۔ کمر میں سے گوشت کاٹ کر ٹیسٹ کرایا تو رپورٹ آئی کہ اس بیماری کا کوئی علاج نہیں ہے۔ ہم سب گھر والے پریشان ہیں۔ خدا کے لئے کوئی دعا ایسی بتایئے کہ ہماری مشکلات حل ہو جائیں۔ ڈاکٹروں نے جواب دے دیا ہے۔ لیکن پھر بھی ہم خدا کی ذات سے ناامید نہیں ہیں۔ یہ بات ہمارے علم میں ہے کہ آپ کے مشوروں سے بڑے بڑے پیچیدہ امراض ٹھیک ہو گئے ہیں۔ بہن کو کھانے سے شدید نفرت ہو گئی ہے۔ دودھ کا کپ سامنے آتا ہے تو قے ہو جاتی ہے۔ گوشت پکتا ہے تو کہتی ہے کہ بدبو آ رہی ہے۔ للہ ایسی تدبیر کیجئے کہ کھانا کھانے لگے تا کہ کمزور ی نہ بڑھے۔

جواب: سات رنگ کے ریشمی کپڑے کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے بچی کے سامنے پھیلا کر رکھ دیں۔ بچی سے کہیں کہ ان ٹکڑوں میں سے جو ٹکڑا اسے خوبصورت اور اچھا لگے اٹھا لے۔ ریشمی کپڑے کے اس رنگین ٹکڑے پر چاروں کونوں پر چار ستارے بنائیں اور درمیان میں بِسمِ اللہِ الرَحمٰنِ الرَحیِم یَا رَحِیْمُ یَا اللّٰہُ یَا مُرِیْدُ یَا رَحِیْمُ یَا اللّٰہُ یَا مُرِیْدُ یَا رَحِیْمُ یَا اللّٰہُ یَا مُرِیْدُ یَابَدِیْعَ الْعَجَائِبِ بِالْخَیْرِ یَابَدِیْعُ یَامَھْلَائیْلُ یَاثَمْتَائیْلُ یَامِیْکَائیْلُ یَاجِبْرَائیْلُ کشیدہ کاری سے لکھ کر اس کپڑے کو فریم کرا لیں۔ اور فریم کو میز پر ایسی جگہ رکھ دیں جہاں بچی کی بار بار نظر پڑتی رہے۔ جس تار سے کشیدہ کاری کریں وہ چاندی کے رنگ کا ہونا چاہئے۔ کھانوں میں فریج میں رکھی ہوئی چیزیں، تیز نمک مرچ کی چیزوں اور بادی، باسی چیزوں سے پرہیز ضروری ہے۔ علاج شروع کرنے سے پہلے پانچ روپے پچیس پیسے کسی غریب کو خیرات کر دیں۔

Topics


Roohani Daak (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔