Topics

حسد


سوال: ہم سب اپنے بہنوئی کی وجہ سے بہت پریشان ہیں۔ انہوں نے ہم سب کا جینا حرام کر دیا ہے۔ جھوٹ بولنا اور غیبت کرنا ان کی عادتیں ہیں۔ بہت گندے رہتے ہیں۔ میکے اور سسرال میں ہر کسی سے ان کی لڑائی رہتی ہے۔ بدنظر بھی ہیں۔ بہت فضول خرچ اور بداندیش آدمی ہیں۔ حاسد بھی ہیں، قرض لے کر کبھی واپس نہیں کرتے۔ واپس مانگا جائے تو لڑنے لگتے ہیں۔ خدارا آپ مجھے پڑھنے کے لئے کوئی ایسا وظیفہ بتائیں جس سے ہمارے بہنوئی راہ راست پر آ جائیں۔

جواب: اللہ تعالیٰ نے سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے فرمایا ہے کہ تمہیں داروغہ بنا کر نہیں بھیجا گیا۔ آپ بھی خواہ مخواہ بہنوئی کی اصلاح کا بیڑہ نہ اٹھائیں۔ اپنی توجہ اپنی اصلاح کی طرف مبذول کریں۔ بہنوئی خود اپنے اعمال کے ذمہ دار ہیں۔ البتہ ان کی بیگم اگر اپنے شوہر کی اصلاح کرنا چاہتی ہیں تو وہ رات کو سوتے وقت اول آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ 41مرتبہ سورہ اخلاص پڑھ کر بات کئے بغیر بستر میں چلی جائیں اور اپنے شوہر کاتصور کرتے کرتے سو جائیں۔۔۔۔۔۔اس عمل کی مدت نوے دن ہے۔ ناغہ کے دن شمار کر کے بعد میں پورے کر لیں۔

Topics


Roohani Daak (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔