Topics

ذہنی سکون


سوال: میں سوتیلے پن کا بچپن سے شکا رہوں۔ یعنی ماں کی مامتا سے محروم رہا۔ جیسے تیسے پل کر جوان ہو گیا۔ میٹرک تک تعلیم صرف اپنی لیاقت کی بناء پر حاصل کی۔ گھریلو بدسلوکی کی وجہ سے باہر نکلا تو ایک پرائیویٹ سروس مل گئی۔ جس سے میری زندگی کے کچھ سال پر سکون گزرے کیونکہ تنخواہ معقول ملتی تھی لیکن 1971ء کے آخر میں دکھی اور مظلوم بھائیوں کا درد لے کر اٹھ کھڑا ہوا۔ جس کا سبب میری سابقہ گھریلو زندگی ہی تھی۔ اس کام میں میرا ضمیر بہت مطمئن رہا لیکن بے لوث کوئی بھی کام کیا جائے تو اس میں نباہ بہت مشکل ہوتا ہے۔ لہٰذا چار سال بعد سروس تک سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

پھر ادھار وغیرہ لے کر عرب چلا گیا۔ وہاں بھی قسمت نے ساتھ نہ دیا اور ایک سال بعد تقریباً کورے کا کورا واپس لوٹ آیا۔ واپس آنے کے بعد ایک رکشہ قسطوں پر لے لیا۔ جس کا کبھی حادثہ کبھی فنی خرابی، کبھی میں خود بیمار۔۔۔دوڈھائی سال کے بعد اعصاب جواب دے گئے۔ تو اسے بھی اونے پونے بیچ دیا۔ اور روپے قرض خواہوں کو ادا کر دیئے۔ پھر بھی کئی ہزار کا قرض سر پر رہا۔ ایک سال مارا مارا پھرنے کے بعد تقریباً ایک ماہ سے پونے چار سو روپے ماہوار پر ایک پرائیویٹ سروس ملی ہے جب کہ خدا نے دو بچوں سے بھی نواز رکھا ہے۔ جب اپنے بیوی بچوں کے مستقبل کا خیال آتا ہے تو خود کشی جیسے حرام فعل تک کے متعلق سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہوں۔ کبھی کبھار ذہن میں بہت برا خیال آتا ہے کہ جب سے شادی کی ہے ان دنوں سے زیادہ ناکامیاں ہی دیکھ رہا ہوں۔ کہیں شادی ہی منحوس نہ ہو۔ خدا کے لئے مجھے جینے کے قابل بنایئے۔ سب سے بڑا مسئلہ باعزت روزگار کا ہے۔ تاکہ میں اپنے لئے نہ سہی بیوی بچوں کے لئے تو کچھ کر سکوں۔

جواب: آپ فجر کی ادا نماز کے بعد سو مرتبہ یا وہاب پڑھ کر دعا کیا کریں۔ اس وظیفے کو نوے دن تک جاری رکھیں۔ انشاء اللہ آپ کو ذہنی سکون نصیب ہو جائے گا۔

Topics


Roohani Daak (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔