Topics

عشق کا سمندر


سوال: دو سال قبل اپنے کالج کی ایک لڑکی سے جنون کی حد تک محبت کر بیٹھا اور اپنے گھر والوں کو اس کے گھر بھیج کر بات پکی کر لی۔ لڑکی بھی شادی کے لئے تیار تھی۔ اور میں تو بذات خود عشق کے سمندر میں ڈوبا ہوا تھا مگر چونکہ میں انتہائی مذہبی اور مشرقی ہوں اس لئے میں نہیں چاہتا کہ میری منگیتر کالج میں یا دوسری جگہ میک اپ کر کے جائے۔ میں نے ابھی تک اسے منع بھی نہیں کیا ہے۔ دوسری طرف میری حالت یہ ہے کہ جب وہ میک اپ کرتی ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ کسی دوسرے مرد کے لئے ہے، کہیں آتی جاتی ہے تو دل کو کھٹکا ہوتا ہے کہ کہیں کسی دوسرے مرد کے ساتھ شادی نہ ہو جائے۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا کروں۔ مجھے اپنی منگیتر کا گاڑی چلانا بھی پسند نہیں ہے۔ ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ ہر آتے جاتے مرد کو گھور کر دیکھتی ہے۔ ہم دونوں ڈاکٹر ہیں اور بہت جلد ہماری شادی ہونی والی ہے۔

جواب: آپ نفسیاتی مریض ہیں۔ جب تک اس مرض کا علاج نہ ہو جائے شادی نہ کریں۔ ورنہ بہت زیادہ مشکلات پیش آئیں گی۔ ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ اپنے خیالات اور اپنی حالت سے منگیتر کو باخبر کر دیں تا کہ اگر وہ آپ سے شادی کرنا بھی چاہے تو خود کو آئندہ پیش آنے والے حالات کے لئے تیار کر لے۔ خدارا بغیر علاج کے اپنی زندگی اور منگیتر کی زندگی کو عذاب ناک نہ بنائیں۔

Topics


Roohani Daak (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔