Topics
سوال: والدہ صاحبہ دو ماہ سے عجیب مرض کا شکار
ہیں۔ پہلے خارش ہوئی اور اس کے بعد ایک دن بہت گھبراہٹ ہوئی۔ کہتی ہیں کہ ایسا
محسوس ہوا کہ جیسے کسی نے جائے نماز آگے سے کھینچ لی۔ میں نے محسوس کیا کہ میں
ہلکی ہوتی جا رہی ہوں۔ پیر ٹھنڈے رہتے ہیں۔ بہت دفعہ کہو تو نماز پڑھتی ہیں۔ وہ
بھی ایک ساتھ دو تین وقت کی نماز پڑھتی ہیں۔ ہر چیز سے خوف آتا ہے۔ دو تین ڈاکٹروں
کو دکھایا۔ ایکسرے کرائے ہیں سب نارمل ہیں۔ ایک مولانا کو دکھایا ہے وہ کہتے ہیں
کہ کسی نے سفلی عمل کرا دیا ہے۔ چار سال پہلے ہمارے گھر سے ایک دوپٹہ میں بہت ساری
جوئیں نکلیں جو ہم نے جلا دیا۔ برائے مہربانی مجھے بتایئے کہ یہ کیا مرض ہے اور
اگر مرض نہیں ہے تو کیا ہے؟
جواب: سفلی وفلی کچھ نہیں ہے۔ بات اتنی سی ہے کہ
آپ کی والدہ کا دل کمزور ہو گیا ہے۔ ای سی جی کرا لیجئے اور قلب کے سپیشلسٹ کی
ہدایات پر عمل کریں۔ ڈاکٹر کے مشورے سے تین وقت شہد کھائیں۔ شہد کے اوپر تین بار
یا حی قبل کل شئی یا حی بعد کل شئی پڑھ کر دم کر دیا کریں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔