Spiritual Healing
سوال: میں نے دل کے ہاتھوں مجبور ہو کر آپ کو اپنا
باپ کہہ کر پکارا ہے کیونکہ باپ کے زندہ ہوتے ہوئے بھی معلوم نہیں کہ باپ کی محبت
کیا ہوتی ہے۔ میرے باپ ایک آوارہ عورت کے چکر میں بری طرح پھنس گئے ہیں۔ پورا بچپن
روتے گزرا جب کسی باپ کو اپنی اولاد سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے دیکھتی ہوں تو
رونا آ جاتا ہے۔ خط پر جگہ جگہ پانی کے دھبے میرے وہ آنسو ہیں جو میری آنکھوں سے
گر رہے ہیں۔ خدا کے لئے کوئی ایسی دعا بتا دیں کہ جس کی برکت سے میرے باپ اس عورت
کے چنگل سے نکل جائیں۔
جواب: روزانہ بعد نماز عشاء تین مرتبہ سورۂ رحمٰن
پوری سورہ (پارہ27) پڑھ کر کسی سے بات کئے بغیر بستر پر چلی جائیں اور اپنے والد
کا تصور کرتے کرتے سو جائیں۔ یہ عمل نوے روز کریں۔ ناغہ کے دن شمار کر کے بعد کو
پورے کر لیں۔ البتہ ناغہ کے دنوں میں صرف تصور جاری رکھیں۔ آپ یقین رکھیں آپ کو
باپ کی محبت مل جائے گی اور آپ کی والدہ صاحبہ کو بلا شرکت غیرے شوہر کا التفات
نصیب ہو جائے گا۔ انشاء اللہ
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔