Spiritual Healing

چھپکلی کا خوف


سوال: اللہ تعالیٰ آپ کے علم میں برکت عطا فرمائے، آمین۔ ایک مسئلہ پیش خدمت ہے۔ یوں تو بہت معمولی مگر میرے لئے مسئلہ سنگین ہے۔ مجھے چھپکلی سے بہت ڈر لگتا ہے۔ جب کبھی چھپکلی پر نظر پڑتی ہے تو سانس رکتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ جس جگہ چھپکلی ہو ادھرسے گزرنا میرے لئے ناممکن ہو جاتا ہے۔ گرمی کے دنوں میں اکثر گھر میں نظر آنے لگتی ہے۔ اگر کسی وقت رات کو کمرے میں آ جائے تو پوری رات آنکھوں میں کٹ جاتی ہے۔ اگر باورچی خانے یا غسل خانے میں آ جائے تو گھنٹوں ادھر کا رخ نہیں کر سکتی۔ ذہن پر خوف مسلط رہتا ہے کہ کہیں چھپکلی نظر نہ آ جائے۔

جواب: مٹی کی کوری کٹوری(جس میں فیرنی کھائی جاتی ہے) لے کر اس میں پانی بھر کر دو چمچے عرق گلاب ڈال دیں اور تین مرتبہ یَاحَیِّیُ قَبْلَ کُلِّ شَئیٍ یَا حَییُّ بَعْدَ کُلِّ شَئیٍ پڑھ کر دم کریں اور نہار منہ پی لیا کریں۔ آدھے گھنٹہ تک کوئی چیز نہ کھائیں اور نہ پئیں۔ دس ہفتوں تک نمک نہ ہونے کے برابر استعمال کریں۔

Topics


Roohani Daak (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔