Spiritual Healing
سوال: چند ماہ پہلے میں شدید بیمار ہو گیا۔ بیماری
سے نجات تو مل گئی لیکن پیٹ کے شدید درد نے آ پکڑا۔ ہر طرح علاج کیا، قسم قسم کی
دوائیں کھائیں لیکن کسی چیز سے فائدہ نہ ہوا۔ اب درد میں تو کچھ کمی ہو گئی ہے
لیکن چار چار روز قبض رہتا ہے۔ دوا استعمال کرنے سے بے وقت تمام تھوڑی سی اجابت ہو
جاتی ہے۔ وہ بھی پیٹ میں شدید درد کے ساتھ اس بیماری سے پہلے میں بالکل ٹھیک ٹھاک
تھا لیکن بیماری کے بعد پیٹ کی تکلیف نے میرا جینا حرام کر رکھا ہے۔
جواب: صاف و شفاف شیشے کی سفید رنگ کی بوتل لیں
اسے خوب اچھی طرح تیز گرم پانی سے دھو کر دھوپ میں سکھا لیں اور اس میں ایک
چوتھائی خالی بوتل چھوڑ کر آب مقطر(ڈسٹلڈ واٹر) بھر کر مضبوط کارک لگا کر بوتل کے
اوپر زرد رنگ کا سیلوفین پیپر اس طرح چپکائیں کہ بوتل اطراف اور نیچے اوپر سے کاغذ
کے اندر آ جائے۔ اس بوتل کو صبح گیارہ بجے سے دو بجے تک کھلی دھوپ میں رکھا رہنے
دیں اور دونوں وقت کھانے سے آدھا گھنٹہ پہلے یہ پانی دو دو گھونٹ پی لیں۔ ایک
مرتبہ کا تیار کیا ہوا پانی دو روز تک کارآمد رہے گا۔ یہ علاج ایک ماہ تک کر لیں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔