Spiritual Healing
سوال:
آپ نے روحانی ڈاک کے ذریعے بہت سے مایوس لوگوں کی مدد فرمائی ہے، امید ہے کہ آپ
میرا بھی مسئلہ حل فرمائیں گے۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ کس طرح بیان کروں کہ مجھے
اپنے اس عیب کی وجہ سے کس قدر مذاق کا نشانہ بننا پڑتا ہے اور میں احساس کمتری میں
مبتلا رہتی ہوں۔ پتہ نہیں آپ میری مدد کریں گے یا نہیں۔ میرا بائیں طرف والا ہونٹ
بات کرتے وقت یا ہنستے وقت ٹیڑھا سا ہو جاتا ہے یا تھوڑا سا خم آ جاتا ہے۔ جبکہ
بائیں طرف والے جبڑے میں اکثر و بیشتر درد رہتا ہے۔ اور بعض اوقات اتنا شدید درد
ہوتا ہے کہ رونے لگ جاتی ہوں۔ خاموش بیٹھی رہوں تو نقص کا پتہ نہیں چلتا۔
جواب:
بنولہ کا خالص تیل، صبح ناشتے کے وقت اور رات کو باسی روٹی کے اوپر چپڑ کر کھا
لیں۔ ایک روٹی کے اوپر بنولہ کا تیل چپڑ لینا کافی ہے۔ باقی خوراک حسب دستور
استعمال کریں۔ علاج کی مدت دو ماہ ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنا فضل فرمائیں گے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔