Spiritual Healing

مراقبہ کی شرائط


سوال: میں ہر ہفتہ کالم روحانی ڈاک باقاعدگی اور دلچسپی سے پڑھتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ میں بھی مراقبہ سے فائدہ اٹھاؤں۔ اس کے لئے مجھے آپ کی راہنمائی کی ضرورت ہے۔ آپ سے گزارش ہے کہ مراقبہ کرنے کے لئے جن لوازمات، اوقات اور جن چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے ان پر روشنی ڈالیں۔

جواب: مراقبہ کے لئے سب سے ضروری چیز کسی استاد کی راہنمائی ہے۔ اوقات اور شرائط کا تعین بھی حتمی نہیں کیا جا سکتا۔ عام اصول کے مطابق مراقبہ کا بہترین وقت رات کو سونے سے پہلے یا صبح سورج نکلنے سے پہلے ہے۔ مراقبہ ایسی جگہ کرنا چاہئے جو ہوادار ہواور جہاں اندھیرا ہو۔ نشست وہ اختیار کی جائے جس میں جسم میں تکلیف اور اعصاب میں کھنچاؤ نہ ہو۔ مراقبہ لیٹ کر نہیں کرنا چاہئے۔ مراقبہ میں کیا تصور کیا جائے اس کا تعین بھی ایک استاد فن ہی کر سکتا ہے۔ تصور کے لحاظ سے مراقبہ کی بہت سی قسمیں ہو جاتی ہیں۔ مثلاً تصور اسم ذات، تصور شیخ، تصور رسولﷺ، تصور قلب، تصور لطائف ستہ روشنیوں کا مراقبہ، نور کا مراقبہ وغیرہ وغیرہ۔آپ کو مراقبہ کرنے کی اجازت ہے، تصور کریں کہ آپ اپنے دل کے اندر جھانک رہے ہیں، اور دل کے اندر ایک سیاہ نقطہ ہے جب یہ نقطہ نظروں کے سامنے آ جائے تو بذریعہ خط مطلع کریں۔

Topics


Roohani Daak (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔