Spiritual Healing
سوال: میں بہت دکھی اور غریب آدمی ہوں۔بیروزگار
ہوں اور کافی عرصہ سے بیمار ہوں۔ میں نے ڈاکٹروں اور حکیموں سے بہت علاج کرایا ہے
لیکن کچھ فائدہ نہیں ہوا۔ دن بدن کمزور ہو رہا ہوں اور کبھی تو میں اپنے آپ کو ٹی
بی کا مریض سمجھنے لگتا ہوں۔ میرا خیال ایکسرے کرانے کا ہے لیکن غریبی کا یہ حال
ہے کہ ایکسرے کے لئے پیسے نہیں ہیں۔ ناکامی نے مجھے دنیا سے بیزار کر دیا ہے۔
میرے والد اتنے خشک مزاج اور عاقبت نا اندیش ہیں
کہ میری شادی کی فکر میں ہیں۔ میں یہ شہر چھوڑ دینا چاہتا ہوں۔ مجھے کوئی ایسا
نسخہ یا وظیفہ بتایئے کہ جس کی برکت سے اللہ تعالیٰ صحت عطا فرمائیں۔
جواب: آپ کو کوئی ایسی بیماری لاحق نہیں کہ آپ خود
کشی کے بارے میں سوچ کر اپنا وقت خراب کریں۔ آپ کے گردوں اور مثانے میں گرمی ہو
گئی ہے۔ اس کا علاج بہت آسان ہے۔ عصر کے بعد گاجروں کے قتلے چپس بنا کر پانی میں
اسقدر پکائیں کہ قتلے اچھی طرح گل جائیں۔ انہیں ساری رات آسمان کے نیچے رکھا رہنے
دیں۔ صبح دودھ اور چینی شامل کر کے نہار منہ کھا لیں۔ آدھے گھنٹے تک کوئی چیز نہ
کھائیں۔ 21روز کے اس علاج سے آپ صحت مند ہو جائیں گے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔