Spiritual Healing
سوال: میں نماز کا پابند ہوں۔ گناہوں سے حتی
الواسع بچنے کی کوشش کرتا ہوں لیکن ذہن میں برے برے خیالات آتے ہیں اور دل بھی ان
خیالات کا ہمنوا بن جاتا ہے۔ میرا ضمیر مجھے بہت شرمند ہ کرتا ہے۔ خدارا کوئی ایسا
عمل بتا دیں جس سے نماز میں یکسوئی اور برے خیالات سے چھٹکارا مل جائے۔
جواب: ایک روز حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ و
سلم صحابہ کرامؓ کے سامنے آنے والی امت کے فضائل بیان فرما رہے تھے۔ مجلس میں سے
کسی حضرت نے کہا یا رسول اللہﷺ ہمارے ماں باپ آپ پر قربان کیا ہمارے بعد آنے والے
مسلمان ہم سے بھی اچھے ہوں گے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ بات ناگوار
گزری اور فرمایا۔ اللہ کی قسم! اگر تم لوگ گناہ کرنا چھوڑ دو تو اللہ تعالیٰ
تمہاری جگہ دوسری قوم پیدا فرمائے گا۔
میرے عزیز! ہماری سرشت میں گناہ کا ارتکاب داخل ہے
اگر ہمارے اندر گناہ کا ارتکاب نکل جائے تو ہمارے اندر احساس ندامت نہیں رہے گا۔
احساس ندامت سے ہی بندہ اللہ کے سامنے عاجزی اور انکساری کرتا ہے۔ نماز میں یکسوئی
اور خیالات میں کمی کے لئے نماز سے پہلے (سو) مرتبہ یا حی یا قیوم پڑھ کر پانچ منٹ
آنکھیں بند کر کے یہ تصور کریں کہ اللہ آپ کو دیکھ رہا ہے۔ جیسے جیسے وقت گزرے
گانماز میں گداز پیدا ہو گا اور ذہن یکسو ہو جائے گا۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔