Spiritual Healing

روح سے ملاقات


سوال: 10مہینے ہوئے کہ 36یا 37سال کی عورت سے میری شادی ہو گئی۔ وہ پہلے بھی دو جگہ شادی کر چکی ہے مگر ہر دو جگہ سے طلاق ہوئی۔ میرے گھر آ کر اسے دورے پڑنے لگے تو زمین پر لوٹنے لگی کہ میں نہیں رہتی۔ میں شاہ عقیق کے مزار پر جاؤں گی۔ میں اسے مزار پر لے گیا۔ پانچ مہینے سے مسلسل وہیں پر ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ موجودہ گھر نہیں جاؤں گی۔ اس پر کسی نے تعویذ گنڈہ کر دیا ہے۔ میں جب اس گھر میں جاتی ہوں تو میرا دل چاہتا ہے کہ کپڑے پھاڑ دوں اور کہیں باہر چلی جاؤں۔ پہلی دفعہ کے بعد بھی وہ یہی سب کچھ کر چکی ہے۔ گھر میں کئی دفعہ کپڑے پھاڑ دیئے ہیں۔ اسے لوہے کی زنجیر سے باندھ دیا گیا۔ پھر تعویذ گنڈوں سے ٹھیک ہو گئی۔ جب سے میرا نکاح ہوا ہے میں تنگدست رہنے لگا ہوں۔ چند لوگوں کا کہنا ہے کہ تم اس عورت کے ساتھ پریشان رہو گے جبکہ مجھے اپنی بیوی سے بہت محبت ہے اور میں اس کے بغیر گھر میں غمگین رہتا ہوں۔ وہ بھی کہتی ہے کہ تم مجھے طلاق مت دو تم بھی برباد ہو جاؤ گے اور میں بھی برباد ہو جاؤں گی۔ میں گھر میں رہنے کے لئے کہتا ہوں تو رونے لگتی ہے۔

جواب: آپ شاہ عقیق کے مزار پر چلے جائیں۔ وہاں کچھ دن قیام کریں اور کثرت سے درود شریف پڑھتے رہیں۔ روزانہ فجر اور عشاء کی نماز کے بعد مزار کے سیدھی طرف بیٹھ کر مراقبہ کریں۔ مراقبہ میں یکسوئی کے بعد جب شاہ عقیق کی روح سے ملاقات ہو تو ان سے دعا کی درخواست کریں۔ انشاء اللہ یہ مسئلہ احسن طریقہ سے حل ہو جائے گا۔

Topics


Roohani Daak (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔