Topics
س: آج سے کچھ عرصہ پہلے میری امی کی سیدھی ٹانگ کے گھٹنے میں درد شروع ہوا اور آہستہ آہستہ درد بڑھتا گیا۔ پندرہ دن بعد ایک دن صبح گھٹنے سے لے کر نیچے پاؤں تک کھڑے ہونے سے شدید قسم کا کرنٹ دوڑنا شروع ہو گیا۔ ڈاکٹر کی دوا منگائی گئی جس سے رات تک کچھ آرام آ گیا۔ مگر گھٹنے میں درد ویسے کا ویسا ہی رہا۔ ڈاکٹر کی دوا آٹھ دس دن مسلسل کھاتی رہی اور رات کو گھٹنے پر مالش کے لئے ایک ٹیوب’’آرٹی چون‘‘ ہے جو اب تک ملتی ہیں مگر میری امی کو آرام ابھی تک نہیں آیا۔ اب درد گھٹنے سے لے کر ذرا اوپر اٹھ گیا ہے۔ چلتے ہوئے ٹانگ میں کھنچاؤ محسوس ہوتا ہے۔ بیٹھ کر اٹھتی ہیں تو ٹانگ پر ایک دم بوجھ نہیں ڈالا جاتا۔ مصیبت یہ ہے کہ اب یہ تکلیف دوسری ٹانگ کے گھٹنے میں بھی شروع ہو گئی ہے۔ نماز پڑھتے وقت سخت اذیت کا سامنا ہوتا ہے۔
ج:
چینی کی سفید پلیٹوں پر زعفران کی روشنائی سے صبح سورج نکلنے سے پہلے یہ نقش لکھ کر رکھ لیں۔ ڈسٹلڈ واٹر(آب مقطر) سے پلیٹ دھو کر ایک صبح نہار منہ، ایک عصر کے وقت۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔
انتساب
ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔
جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔
*****