Topics

خسرہ کا ٹیکہ

س: میں آپ کے روحانی علم سے بے حد متاثر ہوں اور آپ کی تحریر کردہ کتابوں کا مطالعہ میرا مشغلہ ہے۔ بلکہ مسائل کے حل کے لئے اپنے ساتھیوں اور جاننے والوں کو بھی کتاب’’رنگ اور روشنی سے علاج‘‘ اور ’’روحانی علاج‘‘ سے مستفید ہونے کا مشورہ دیتی ہوں اور خود بھی اپنے چھوٹے موٹے مسائل خود حل کر لیتی ہوں۔ اس علاج میں بڑی شفا ہے۔ میری بچی جس کی عمر اس وقت 7سال ہے۔ اس کو دنیا جہان کی ہومیوپیتھک، ایلوپیتھک اور گھریلو آزمودہ دواؤں کے بعد آپ کے ہدایت کردہ نسخہ نیلی شعاعوں کا تیل لگانا شروع کر دیا ہے۔ آپ سے مشورے کی طالب ہوں تا کہ بچی کے سر کے بال مکمل طور پر گھنے ہو جائیں۔ اس کے سر پر گہیوں کے دانے کے برابر کہیں کہیں چکنے نشان نظر آتے ہیں۔ بالوں کی جڑوں میں سخت درد ہوتا ہے۔ بال پکڑو تو وہ روتی ہے۔ کنگھی میں بال نکل آتے ہیں۔ ایک بال پکڑو تو کئی ٹوٹ جاتے ہیں۔ ایک دفعہ گنجا کروا دیں تو بال بہت دنوں میں نکلتے ہیں۔ 

ویسے بچی ماشاء اللہ ذہین ہے۔ نیلی شعاعوں کا تیل لگانے سے کچھ بالوں کے بڑھنے کی رفتار میں فرق آیا ہے مگر اس کی جڑیں ابھی بھی دکھتی ہیں۔ میری صرف ایک ہی بچی ہے میں چاہتی ہوں کہ یہ بیماری کا شکار نہ ہو۔ ہر سال اس کو خسرہ کا حملہ بھی ضرور ہوتا ہے۔ 

اس کی صحت ٹھیک نہیں رہتی۔ اتنی توجہ کے بعد بھی ہمیں ہر وقت اس کا فکر رہتا ہے۔

ج: نیلی شعاعوں کا تیل جو آپ تیار کر کے استعمال کر رہی ہیں۔ صحیح علاج ہے۔ تین ماہ تک استعمال کرائیں۔ کھانوں میں چٹ پٹی اور کھٹی چیزوں سے پرہیز کرائیں۔ پہلی فرصت میں خسرہ کا ٹیکہ لگوائیں۔ زیادہ چکنائی بھی بچی کے لئے مضر ہے۔


Topics


Roohani Daak (3)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔


انتساب

ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔

جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔

*****