Topics

بھوک نہیں لگتی جگر اور معدہ

س: مجھے چھ ماہ قبل پیٹ میں درد اٹھا تو شہر کے مشہور ڈاکٹر صاحب سے علاج کرایا۔ ایکسرا بھی لیا گیا۔ ایکسرا دیکھ کر بیماری یہ بتائی گئی کہ جگر اور معدے پر ورم ہے۔ علاج کے دوران میں ایک مرتبہ حاجت کے وقت کیچوے گرے، ڈاکٹر صاحب نے انٹی پار دوائی لکھ کر دی۔ اس کو پینے کے بعد کیچوے نہیں گرے لیکن جگر اور معدہ کا ورم بڑھ گیا۔ مجبوراً کراچی آنا پڑا۔ ڈاکٹر صاحب نے تین ایکسرے لئے۔ اس کے بعدان صاحب نے بھی جگر اور معدے پر ورم بتایا۔ علاج سے معمولی فرق تو ہے مگر کھانا بالکل نہیں کھایا جاتا۔ کمزوری بہت بڑھ گئی ہے۔ دماغ پر ہر وقت برے خیالات آتے رہتے ہیں۔ ان سب چیزوں سے میں کافی پریشان اور بہت کمزور بھی ہو گیا ہوں۔ برائے مہربانی آپ میری مشکل کو دور کریں۔

ج: کلونجی 3ماشہ صبح نہار منہ تازہ پانی کے ساتھ کھانا کھانے سے ایک گھنٹہ پہلے کھا لیا کریں۔ کلونجی کھانے کے بعد کوئی اور چیز ایک گھنٹہ تک کھانا پینا منع ہے۔ کثرت سے وضو یا بغیر وضو یا حی یا قیوم کا ورد کریں اور اللہ کے نام پر خیرات ضرور کریں

Topics


Roohani Daak (3)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔


انتساب

ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔

جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔

*****