Topics
س: بابا جی میں بچپن سے بیمار رہتی ہوں بچپن سے لیکیوریا کی بیماری ہے۔ منہ اور بغلوں سے بہت بدبو آتی ہے۔ ان تینوں امراض کا دنیا جہاں کا علاج کروایا۔ ہر قسم کے ڈاکٹروں، حکیموں، لیڈی ڈاکٹروں سے علاج کروایا۔ لیکیوریا کے ٹیکے لگوائے۔ منہ اور بغلوں کی بدبو کےلئے حکیموں سے علاج کروایا۔ تعویذ دھاگے بھی لئے ہر قسم کے علاج کروانے کے باوجود یہ بیماریاں ختم نہیں ہوئیں۔
پیروں، فقیروں اور اللہ والے لوگوں سے بھی رجوع کیا مگر ہر جگہ مایوسی ہوئی۔ ان بیماریوں کی دوائیں کھا کر میرا چہرہ دانوں سے پک گیا ہے۔
ج: سبز شعاعوں کا پانی صبح، شام نیلی شعاعوں کا پانی۔ ناشتہ کے ایک گھنٹہ کے بعد اور سوتے وقت زرد شعاعوں کا پانی۔ دونوں وقت کھانے سے آدھ گھنٹہ پہلے۔ 2ماہ تک سرخ مرچ، انڈا، گرم مصالحہ ہر قسم کے گوشت سے مکمل پرہیز کریں۔ صرف ترکاریاں اور دالیں کھائیں۔ روزانہ رات کو کھانے کے بعد تین عدد اچھے قسم کے کیلے کھائیں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔
انتساب
ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔
جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔
*****