Topics

سینہ میں گلٹی

س: بابا جی، میں آپ کی خدمت میں ایک مسئلہ لے کر حاضر ہو رہی ہوں۔ امید ہے اپنی بیٹی سمجھ کر توجہ فرمائیں گے۔

دن بدن کمزور ہوتی جا رہی ہوں۔ پیٹ میں ناف سے نیچے ہلکا ہلکا درد رہتا ہے۔ خصوصاً زیادہ دیر بیٹھنے سے یہ درد بڑھ جاتا ہے۔ جسم ہر وقت گرم رہتا ہے اور ایسا لگتا ہے اندر سے جل رہی ہوں۔ بدن میں درد اور سر میں درد کے ساتھ گردن میں بھی درد کی شکایت ہے۔ میرے دائیں بریسٹ میں ایک گلٹی سی ہے جس میں درد ہوتا ہے اور ساتھ ہی چبھن بھی ہوتی ہے۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ یہ درد فطری ہے یا کسی بیماری کی علامت ہے؟

ایک درخواست اور ہے کہ میں سلسلہ عظیمیہ میں بیعت ہونا چاہتی ہوں تا کہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کر سکوں اور اس قافلے میں شریک ہو سکوں جس کی نشاندہی آپ نے کتاب روحانی نماز کے انتساب میں کی ہے۔ روحانی نماز بہت پسند آئی اور جس نے بھی پڑھی پسند کی۔ انتہائی عمدہ کاوش پر مبارکباد قبول کریں۔

ج: ’’ایام‘‘ میں خرابی نظر آتی ہے۔ اس کا علاج بہت ضروری ہے۔ فوراً کسی لیڈی ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ اگر یہ مرض کچھ عرصہ اور رہ گیا تو خدانخواستہ گلٹی کے آپریشن کا خطر ہ ہے۔ علاج میں کوتاہی ہرگز نہیں ہونی چاہئے۔

سلسلہ عظیمیہ میں داخل ہونے کے لئے الگ سے خط لکھیں اور اس خط میں دوسری کوئی بات نہ لکھی جائے۔ انشاء اللہ آپ کو ایک فارم ارسال کر دیا جائے گا وہ آپ پر کر کے ارسال کر دیں۔


Topics


Roohani Daak (3)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔


انتساب

ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔

جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔

*****