Spiritual Healing
س: عرصہ کے بعد آپ کی خدمت میں حاضر ہوئی ہوں۔ براہ مہربانی میرے مسئلہ کا روحانی حل تجویز فرمائیں۔ میرا بڑا لڑکا سب گھر والوں سے اس قدر نفرت کرنے لگا ہے کہ صورت سے بیزار ہے۔ نہ گھر میں کھاتا پیتا ہے اور میری خود یہ حالت ہے کہ کسی کام میں دل نہیں لگتا۔ کسی چیز کا نماز کے بعد ورد کرتی ہوں تو چکر آنے لگتے ہیں۔ بھوک ختم ہو گئی ہے۔ نماز میں غلطی ہو جاتی ہے۔ ہر کام میں رکاوٹ ہے۔ گھر فروخت کر کے دوسرا لینا چاہتی ہوں۔ گاہک دیکھ کر دوبارہ نہیں آتا۔ لڑکی کی شادی کے لئے رشتہ آتا ہے مگر ایک بار آ کر دوبارہ وہ لوگ نہیں آتے۔
ج: پانچ وقت نماز کی پابندی کریں اور قرضوں کے بعد ایک تسبیح یا اللہ یا رحمٰنُ یا رحیمُ پڑھ کر چند منٹ کے لئے آنکھیں بند کر کے سو جائیں۔ جس رنگ کی روشنیاں نظر آئیں دو ماہ تک اسی ہی رنگ کا لباس زیب تن کریں۔ منگل کے روز صبح کے وقت چیل کوؤں کو گوشت کھلائیں۔ یہ عمل 11منگل تک برقرار رکھیں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔
انتساب
ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔
جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔
*****