Spiritual Healing

کھیتی باڑی میں برکت

س: ہم ایک معزز پڑھے لکھے زمیندار گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہم بہت سے بہن بھائی ہیں۔ ادھر چند سال سے لگاتار ہماری فصلیں خراب ہو رہی ہیں۔ اس وجہ سے خاصی مالی پریشانی کا بھی سامنا ہے۔ میرے چار بھائی کالجوں اور یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔ 

گھر سے دور ہونے کی وجہ سے ان سب کی تعلیم کا بھی بہت خرچہ ہے۔ ادھر بہنوں کی شادیاں ہونے کی وجہ سے خرچہ ہوا۔ فصلیں خراب ہو جانے کی وجہ سے کافی قرضہ ہو گیا ہے حالانکہ میرے والد صاحب اور بڑے بھائی نے بڑی محنت اور توجہ سے کام کیا تھا اور اس بار تو خاص طور پر بہت زیادہ کیا تھا۔ لیکن نتائج خاطر خواہ نہیں نکلے۔ ہم لوگ خرچ کے معاملے میں بھی کفایت شعار اور قناعت پسند ہیں۔ اب والدہ صاحبہ کا اصرار تھا کہ محترم عظیمی صاحب کو لکھو کہ کوئی آسان اور زور اثر بابرکت وظیفہ یا دعا بتائیں۔ جس کے پڑھنے سے محنت کا صلہ ملے اور برکت بھی ہو اور فصلیں بھی اچھی ہوں۔ یہ دعا یا وظیفہ والدہ صاحبہ پڑھیں گی۔ وہ نہ صرف نماز کی پابند ہیں بلکہ بڑی ہمدرد اور خدا ترس خاتون ہیں۔ جناب کے فرمان کے مطابق میں نے کوپن پر کر دیا ہے تا ہم روحانی ڈائجسٹ میں اصلی نام شائع نہ فرمائیں۔

ج: ایک بڑے کاغذ پر اَللّٰہُ نُوْرُ السَّمٰوٰت وَالْاَرْضَ لکھ کر آدھی بوری چکنی مٹی میں دبا دیں۔ 3روز کے بعد یہ مٹی کھیت میں چھڑک دیں۔ کاغذ کو تعویذ بنا کر کھیت میں کسی بڑے درخت کی شاخ میں لٹکا دیں صرف ایک بار یہ عمل کر لینے سے زمین کی پیداوار میں اضافہ ہو جاتا ہے۔


Topics


Roohani Daak (3)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔


انتساب

ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔

جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔

*****