Spiritual Healing
س: آج کل میں سخت پریشان ہوں۔ میرے شوہر پاکستان میں ایک کمپنی میں جنرل منیجر تھے اور انہوں نے اپنی سیکرٹری‘ ایک غیر مسلم عورت سے تعلقات بڑھا لئے۔ اس بات کا دفتر میں لوگوں کو پتہ چلا تو مجھے ہر طرف سے فون آنے لگے کہ تم کیسی عورت ہو، اپنے شوہر کو کنٹرول نہیں کر سکتی۔ میں نے ان کو بہت کچھ سمجھایا کہ آپ کے بچے بڑے ہو گئے ہیں۔ یہ سب ٹھیک نہیں ہے جو آپ کر رہے ہیں۔ عزیز رشتہ دار کیا کہیں گے۔ شرم کریں۔ تو میرے شوہر نوکری چھوڑ کر ملک سے باہر چلے آئے۔ سوچا تھا کہ اب میری زندگی کے دن اچھے گزریں گے۔ لیکن یہاں کے حالات ایسے ہیں کہ میں لکھنا بھی چاہتی ہوں تو میرا ہاتھ کپکپا جاتا ہے۔ رات دن میری آنکھیں بھیگی رہتی ہیں۔ دل اداس اور بے چین رہتا ہے اور شوہر اس عورت کے خطوں اور ٹیلی فون سے دل بہلاتے ہیں۔
مجھ سے سخت نفرت کرنے لگے ہیں۔ یہاں ویسے بھی ماحول آزادانہ ہے۔ خدا کے واسطے کوئی چیز پڑھنے کو بتائیں۔
ج: سب کاموں سے فارغ ہونے کے بعد رات کو سونے سے پہلے 300بار یا مقتدر پڑھ کر شوہر کے خیال میں آنکھیں بند کر کے بیٹھ جائیں اور پندرہ منٹ تک بیٹھی رہیں اور پھر شوہر کی طرف پشت کر کے سو جائیں۔ عمل کی مدت دو ماہ دو دن ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔
انتساب
ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔
جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔
*****