Spiritual Healing
س: میری والدہ عرصہ دس سال سے سنگ رہنی جیسے مرض میں مبتلا ہیں۔ خون کے مروڑ آتے ہیں۔ ہم نے پاکستان کے بڑے بڑے ہسپتالوں اور بڑے بڑے ڈاکٹروں حکیموں سے علاج کروایا لیکن کوئی فائدہ نہ ہوا۔ اگر کبھی کچھ دن کے لئے فائدہ ہوا بھی تو وہ عارضی ثابت ہوا۔ تعویذ گنڈے بھی کروا کے دیکھ لئے۔
والدہ کو جوڑوں کا درد بھی شروع ہو گیا ہے۔ سارے جسم میں درد رہتا ہے۔ سوئیاں ایسی چبھتی ہوئی محسو س ہوتی ہیں۔ اب یہ کیفیت ہے کہ رات کے وقت جسم ٹھنڈا ہو جاتا ہے اور بالکل مردوں کی طرح اکڑ جاتا ہے۔
ج: زرد رنگ کی صاف شفاف ولایتی شیشی میں پکا ہوا پانی بھر لیں اور مضبوط کاک لگادیں۔ شیشی کا اوپری چوتھائی حصہ خالی رہنا چاہئے۔ اس شیشی کو ایسی جگہ رکھیں جہاں صبح سے تین چار بجے شام تک دھوپ آتی ہو۔ شام کے وقت شیشی اٹھا لیں۔ اس پانی پر زردہ کا رنگ گھول کر روشنائی بنائیں اور اس روشنائی سے سفید چینی کی تین عدد پلیٹوں پر الگ الگ یہ نقش لکھیں۔
صبح ناشتہ سے پندرہ منٹ پہلے، دوپہر اور رات کو کھانے سے آدھا گھنٹہ قبل ایک ایک پلیٹ دھوپ میں تیار شدہ پانی سے دھو کر والدہ صاحبہ کو پلائیں۔ کھانے میں بازار کا پسا ہوا نمک، بازار کے پسے ہوئے مصالحے ، تیز مصالحہ دار غذائیں، تلی ہوئی چیزیں، بڑا گوشت، باسی چیزیں، گڑ، تیل اور زمین کے اندر پیدا ہونے والی سبزیوں سے پرہیز کیا جائے۔
جن چیزوں کا استعمال فائدہ مند ہے یہ ہیں:
لہسن، ادرک، شلغم، پالک اور سرسوں کا ساگ، توری، کچنار وغیرہ۔ پھلوں میں آڑو، پستہ، جامن، سنگترہ وغیرہ فائدہ کرے گا۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔
انتساب
ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔
جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔
*****