Topics

رحمت وشفقت

اگر بابا تاج الدینؒ کی مصروفیات کو چند الفاظ میں سمیٹا جائے تو یہ کہا جائے گا کہ آپ کا ہر لمحہ مخلوقِ خدا کے لئے وقف تھا۔ آپ چند گھنٹوں سے زیادہ نہیں آرام کر پاتے تھے۔ باقی وقت لوگوں کی غرض سنتے یہاں تک کہ کھانے پینے کے اوقات بھی نظر انداز ہو جاتے۔ رات دن حاجت مند اور پریشان حال آتے رہتے۔ بابا صاحب  اپنے مخصوص اندازمیں انہیں تسلی دیتے اور مشکل کے حل کی طرف اشارہ فرماتے۔ بابا صاحب  کی ہستی لوگوں کے لئے لطف ومحبت اور کرم نوازی کا ایسا ذریعہ تھی جس کے آگے انہیں ہر تکلف اور صعوبت ہیچ محسوس ہوتی تھی۔ بابا صاحب  ڈھارس بندھاتے تو انہیں ایسا اطمینان مل جاتا جو کسی مادّی ذریعہ سے ملنا ممکن نہیں۔ دل کے بوجھ یوں دور ہوجاتے جیسے کسی انجانے ہاتھ نے غم کے پہاڑ سینے پرسے ہٹا دیئے ہوں۔آخری زمانے میں جب باباصاحب کی صحت گر گئی تھی اور کمزوری کی وجہ سے بیٹھنا مشکل ہو گیاتھا۔ اس وقت بھی لوگوں کے معاملات سنتے اور جواب دینے میں دلچسپی لیتے رہے۔ حالتِ جلال ہو یا جمال کبھی کسی کو باباصاحب کی ذات سے تکلیف نہیں پہنچی۔ بارہا دیکھا گیا کہ لوگ رنجیدہ آئے اورخوش و خرم واپس گئے۔ باباصاحب بعض اوقات ہجوم میں گھر جاتے تو بلند آواز سے فرماتے "تم سب جاؤ۔ تمہارے کام ہوگئے۔"لوگ مطمئن واپس جاتے اور اﷲتعالیٰ ان کے کام بنا دیتا۔

بابا صاحب  کے پاس زمانے کے ستائے ہوئے بھی آتے، حالات کے مارے بھی آپ کے در کا رخ کرتے، خطا کار بھی احساسِ گناہ لے کر حاضرہوتے۔ ایسے لوگ بھی درِ تاجِ اولیاء میں آتے جوامارت کے باوجود پریشان حال ہوتے اور ایسے بھی فریاد کناں ہوتے جن پر غربت ایک بوجھ بن گئی ہوتی۔ باباصاحب بلا امتیاز امیروغریب، خطاکاروپاک باز، سب کی غرض وفریاد سنتے۔ ایک بار ایک طوائف باباصاحب کی خدمت میں حاضرہوئی اورگاکر کہا ؂

اچھے رہیں نزدیک برے جائیں کدھر کو

اے رحمتِ خدا!تجھے ایسا نہ چاہئے

یہ سن کر بابا صاحبؒ نے اس سے کہا ؂

اچھے اُدھر کو جائیں ، آئیں برے اِدھرکو

اے رحمتِ خدا، تجھے ایسا ہی چاہئے۔

ایک لڑکا پیدائشی معذور تھا۔ نہ بول سکتاتھا اور نہ ہاتھ پیر ہلاسکتاتھا۔ والدین نے حتی المقدور علاج کرایا لیکن فائدہ نہ ہوا۔ وہ لڑکے کوشکردرہ چھوڑ کرچلے گئے۔ کچھ دیر بعد بابا صاحب  اندر سے باہر تشریف لائے اورمعذور لڑکے کے پاس پہنچ کر کھانا طلب کیا۔ لوگوں نے فوراًکھانا پیش کیا۔ آپ نے اپنے ہاتھ سے اسے آدھے گھنٹے تک لقمہ لقمہ کرکے کھانا کھلایا ، اپنے ہاتھوں سے پانی پلایا اورایک آدمی اس کی خدمت کے لئے مقرر کر دیا۔ بابا صاحب  کے طرزِ عمل کا نتیجہ یہ نکلا کہ دربار میں حاضر ہونے والے لوگ اس لڑکے کی خدمت اپنے لئے باعثِ عزت سمجھنے لگے اور وہ لڑکا جب تک زندہ رہا کبھی کسی تکلیف میں مبتلا نہ ہوا۔

ایک دفعہ بابا تاج الدینؒ قصبہ پاٹن ساؤنگی کی گلیوں سے گزر رہے تھے اورجلوس کے ساتھ سینکڑوں لوگ موجودتھے۔ آپ نے دیکھا کہ ایک ٹوٹے ہوئے مکان میں ایک بوڑھا اور بوڑھیا جوار پیس رہے ہیں۔ مگر ضعف و ناتوانی کی بنا پر چکی چلانے میں دقّت ہورہی ہے۔ باباصاحب تانگے سے اتر کر مکان میں گئے اور خود آٹا پیسنے لگے۔ تھوڑی دیر میں تمام جوار پیس کر آٹا ان کے حوالے کیا اوروہاں سے روانہ ہو گئے۔

ایک رات باباصاحب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ توانہوں نے فرمایا:"پہلے ہمارے مہمان کو کھلاؤ جو درخت کے نیچے ٹھہراہوا ہے۔ تب میں کھاؤں گا۔" لوگوں نے کئی جگہ دیکھا مگر کسی ایسے شخص کو پانے میں ناکام رہے جس پر باباصاحب کے الفاظ صادق آتے ہوں۔ باباصاحب سے دوبارہ کھانے کی درخواست کی گئی تو وہی جواب ملا کہ پہلے ہمارے مہمان کو کھلاکر آؤ۔ لوگ ایک دفعہ پھر تلاش کو نکلے۔ ایک درخت کے نیچے کوئی صاحب بیٹھے نظر آئے ۔ لوگوں نے ان کاحال پوچھا تو پتہ چلا کہ کسی دوردراز جگہ سے مفلسی کے عالم میں آئے ہیں اورباباصاحب سے ملاقات کا اشتیاق رکھتے ہیں۔ یہ سن کر لوگوں نے کہا کہ باباصاحب نے آپ کے لئے کھانا بھیجا ہے۔ایک بار باباصاحب گھومتے ہوئے ڈگوری کی طرف گئے۔ عبداﷲدکھنی نامی شخص کا یہ ذمہ تھا جب بابا صاحب  ڈگوری کی طرف جاتے وہ ساتھ جانے والے لوگوں کو پانی پلاتے۔ چنانچہ اس دن بھی پانی کا گھڑا ساتھ لئے ہوئے ڈگوری پہنچے ۔ وہاں پہنچ کر باباصاحب کو پانی پیش کیاتو انہوں نے پانی پینے سے انکار کر دیا۔ کہا "گھوڑے کو پلاکر آ، تب پیوں گا۔" قریب ایک فرلانگ دور گھوڑا کھڑا تھا۔ عبداﷲ دکھنی پانی لے کر گھوڑے کے پاس پہنچے ۔ گھوڑا اتنا پیاسہ تھا کہ پانچ برتن پانی پی گیا۔مندرجہ بالا واقعات کے علاوہ سینکڑوں واقعات اس بات پر شاہد ہیں کہ باباصاحبؒ کی ذات مخلوقِ خدا کے لئے مجسم شفقت اور محبت تھی اور آپ نے خود کو خدمتِ خلق کے لئے وقف کر رکھا تھا۔

Topics


Tazkirah Baba Tajuddeen Aulia

خواجہ شمس الدین عظیمی

عارف باﷲخاتون

مریم اماں

کے نام

جن کے لئے شہنشاہ ہفت اقلیم حضرت بابا تاج الدین ؒ

کا ارشاد ہے:

"میرے پاس آنے سے پہلے مریم اماں کی خدمت میں حاضری دی جائے۔"