Topics

جبلِ عرفات

 میرے ایک معتمد اورمتقی دوست عبدالرحمٰن ساکن ایڈیٹر ذکر کرتے ہیں کہ ایک بزرگ شخص حجِ بیت اﷲ کے لئے گئے۔ انہوں نے باباحضور کو جبلِ عرفات پر دیکھااور اپنی فراست سے اندازہ لگایا کہ یہ کوئی صاحبِ اختیار بزرگ ہیں۔ انہوں نے باباصاحب سے ملاقات کی اور ان کا نام اور پتہ دریافت کیا۔ فرمایا میں ناگپور کی پاگل جھونپڑی میں رہتاہوں۔ اورنام تاج الدین ہے ۔ اتنا فرماکر آپ وہاں سے چل دیئے۔ اورپھر ان کو نہ ملے ۔ فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد وہ صاحب جب اپنے وطن ہندوستان آنے لگے تو انہوں نے پختہ ارادہ کرلیاکہ گھرواپس پہنچنے سے پہلے ناگپور جاکر ان بزرگ کا دیدار کریں گے جو جبلِ عرفات پر ملے تھے۔ چنانچہ وہ ناگپور آئے اور پاگل جھونپڑی کی تلا ش شروع کی۔ لوگوں نے کہا کہ یہاں پاگل جھونپڑی تو کوئی نہیں البتہ ایک پاگل خانہ ضرورہے۔ اوروہاں ایک بزرگ بھی ہیں جن کی تفصیل تم بتارہے ہو۔ وہ پاگل خانے آئے۔ باباحضورنے ایک گھنٹہ پہلے ہی ان صاحب کے آنے کی اطلاع پاگل خانے میں موجود لوگوں کو دے دی تھی۔ یہ صاحب پہنچے توباباصاحب نہایت شفقت اور تپاک سے ملے اور ملاقات وگفتگو کا سلسلہ بہت دیر تک جاری رہا۔ گفتگو کے دوران ان صاحب کے دل میں اچانک یہ اشتیاق پیدا ہوا کہ یہ بزرگ توبے شک صاحبِ منزل ہیں لیکن ان کاکوئی کشف یا کرامت دیکھنی چاہئے۔ جس وقت وہ یہ سوچ رہے تھے ، باباحضور کچھ فاصلے پر کھڑے تھے، فوراً قریب آئے اور اپنے انگوٹھے اورانگشتِ شہادت کو ان کی دونوں انکھوں پر رکھ کر ارشاد فرمایا۔"کیا بابا! یہی جبلِ عرفات ہے جہاں آپ حج کو گئے تھے؟"

یہ سنتے ہی ان صاحب نے بند آنکھوں سے دیکھا کہ جبلِ عرفات پر کھڑے ہیں۔ وہی وقت ، وہی رونق، وہی مجمع ہے۔ انہوں نے کہا۔"بے شک یہی جبلِ عرفات ہے۔ یہ تو آپ نے دکھا دیا مگر مقامِ رب العالمین تو دکھائیے۔"

اس پر آپ نے اپنا ہاتھ ان کی آنکھوں پر سے ہٹا لیااور فرمایا۔"اتنا دور کون جائے!"

Topics


Tazkirah Baba Tajuddeen Aulia

خواجہ شمس الدین عظیمی

عارف باﷲخاتون

مریم اماں

کے نام

جن کے لئے شہنشاہ ہفت اقلیم حضرت بابا تاج الدین ؒ

کا ارشاد ہے:

"میرے پاس آنے سے پہلے مریم اماں کی خدمت میں حاضری دی جائے۔"