Topics
سوال: آپ کے پاس ضرور میری آنکھوں کا علاج ہو گا۔ میری آنکھیں پیدائشی طور پر ایسی ہیں کہ پپوٹے اوپر نہیں اٹھتے بینائی بالکل ٹھیک ہے۔ چاند کی روشنی میں پڑھ لیتی ہوں۔ آنکھ دیکھنے میں بالکل ٹھیک لگتی ہے مگر جب اوپر دیکھتی ہوں تو منہ اٹھا کر دیکھنا پڑتا ہے۔ بعض دفعہ ہاتھ سے پپوٹے اٹھا کر کسی چیز کو دیکھنا پڑتا ہے۔ ڈاکٹر آپریشن کی رائے دیتے ہیں لیکن یہ بھی کہتے ہیں کہ یہ بہت نازک آپریشن ہے۔ خدا کے لئے کوئی علاج تجویز کریں تا کہ میں خدا کی عظیم نعمت سے مالا مال ہو جاؤں۔
جواب: صاف شدہ کالے چنے چکی پر بھیج کر باریک آٹا پسوا لیں ۔ اس آٹے کی روٹی پکا کر صبح، دوپہر، شام ایک روٹی مکھن یا کریم لگا کر کھا لیں۔ تین ہفتوں میں نمایاں فرق محسوس ہو جائے گا لیکن تین مہینے تک چنے کی روٹی کھایا کریں۔ انشاء اللہ آپ کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔