Topics

روٹی کے تین ٹکڑے

سوال: میرا مسئلہ ان صاحب یا صاحبہ سے ملتا جلتا ہے جن کے مسئلے کا عنوان ہے۔ گھر میں رکھی ہوئی چیزیں دیکھتے ہی دیکھتے غائب ہو جاتی ہیں۔ یہ مسئلہ 24دسمبر کے جمعہ ایڈیشن میں شائع ہوا تھا۔ جس طرح یہ صاحب خوف اور دہشت کا شکار ہو جاتے ہیں اسی طرح میں بھی ان دیکھی ہستی کی طرف سے عجیب و غریب باتیں محسوس کر کے یا دیکھ کر خوفزدہ ہو جاتا ہوں۔ اس بات کا انکشاف مجھے آج سے دو ڈھائی مہینے پیشتر ہوا تھا۔ جب میں کوئی وظیفہ پڑھ کر رات کے وقت بستر پر لیٹا تو کمرہ اچانک خوفناک منظر پیش کرنے لگا۔ درودیوار سے دہشت اور ہیبت برستی نظر آتی تھی مجھے ایسا محسوس ہوا کہ کوئی میرے بدن کو شکنجے میں کس رہا ہے جس کی وجہ سے مجھے کافی تکلیف بھی محسوس ہوئی اور بستر ہلنے لگا۔ اس کے ساتھ میری دائیں آنکھ زور زور سے پھڑکنے لگی۔ آنکھ کے سامنے کبھی کبھی روشنیاں جلتی بجھتی محسوس ہوتی تھیں۔ دوسرے دن جب رات کو دوبارہ اپنے بستر پر لیٹا تو پھر ان ساری باتوں میں اور زیادہ شدت پیدا ہو گئی۔ لہٰذا میں ڈر کے مارے رات کے دو ڈھائی بجے اپنے کمرے سے اٹھ کر دوسرے کمرے میں چلا گیا اور ساری رات سورہ یٰسین پڑھتے ہوئے گزار دی۔ سورہ یٰسین پڑھنے سے وقتی سکون محسوس ہوا لیکن بعد میں پھر وہی حرکتیں ہونے لگیں۔ یہ ہستی جو کوئی بھی ہے مجھے اپنے کمرے یا گھر میں نہیں رہنے دیتی۔ میں جب بھی اپنے کمرے میں بیٹھنے یا سونے کے لئے جاتا ہوں عجیب عجیب طریقوں سے مجھے ڈرایا جاتا ہے۔ اس ڈر اور خوف کی وجہ سے میں نے گھر میں سونا ہی چھوڑ دیا ہے۔ میں گھر سے باہر سیڑھیوں کے نیچے سوتا ہوں پیچھے کچھ دنوں سے اس ان دیکھی چیز سے میری زبانی گفتگو بھی ہوئی تھی۔ یہ بات سن کر آپ مجھے مخبوط الحواس نہیں سمجھ لیجئے گا۔ یقین کیجئے۔ قبلہ کہ بالکل ایسا ہی ہوا تھا اور اب تو گفتگو یا بات چیت روز کا معمول بن گئی ہے یہ ہستی اپنی گفتگو میں مجھے نماز یا قرآن سے روکتی ہے اور کسی بھی اچھے کام کو نہیں کرنے دیتی لہٰذا میں نے تنگ آ کر وظائف تو ترک کردیئے،نمازاور قرآن پڑھنا بھی چھوڑا ہوا ہے۔ اور وظائف پڑھنے سے تو آئندہ کے لئے توبہ کر لی ہے۔ میں مختلف علمائے دین سے بھی عمل کرا چکا ہوں سب نے جنات کی کارستانی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ہر وظیفے کے پیچھے کوئی نہ کوئی موکل یا جن موجود ہوتا ہے۔ انہوں نے مجھے تعویذ، دم کیا ہواپانی جو کہ پینے اور گھر میں چھڑکنے کے لئے مجھے دیا تھا۔ اب اس نادیدہ ہستی کی عجیب و غریب حرکتوں میں مزید اضافہ ہو گیاہے اور آج کل بھی گھر سے باہر سیڑھیوں کے نیچے سوتا ہوں اور فجر کے وقت ڈرتے ڈرتے اور خدا کو یاد کرتے ہوئے گھر میں داخل ہوتا ہوں۔

جواب: مٹی کی دو کوری پلیٹیں لے کر ایک پلیٹ میں روٹی کا ٹکڑا رکھ دیں۔ (روٹی کے تین ٹکڑے کر لین اور یہ ٹکڑے چھری سے کریں۔ ایک ٹکڑا پلیٹ میں رکھ دیں۔ دو ٹکڑے محفوظ کر لیں)۔ اوپر سے پلیٹ ڈھانپ دیں اور یہ دونوں پلیٹیں کھلے آسمان کے نیچے رکھ دیں۔ صبح سورج نکلنے سے پہلے پلیٹ کھول کر، روٹی کے ٹکڑے پر خوب اچھی طرح شہد لگائیں۔ دوسرے دو ٹکڑوں پر بھی ہلکا سا شہد لگا کر کتے کے سامنے ڈال دیں۔ علاج کی مدت چالیس روز ہے۔ کھٹاس نمک اور فرج میں رکھی ہوئی چیزوں سے پرہیز کریں۔ ہرگز کوئی وظیفہ نہ کریں۔


Topics


Roohani Daak (2)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔