Spiritual Healing
سوال: میں ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھتا ہوں۔ میری شادی کو گیارہ سال ہو چکے ہیں۔ اس دوران میری بیوی مختلف قسم کی بیماریوں سے دوچار رہی ہے۔ بظاہر دیکھنے میں بالکل صحت مند نظر آتی ہے مگر ہر وقت اس کو کوئی نہ کوئی بیماری لاحق رہتی ہے۔ ان دنوں اس کے دائیں بازو اور ٹانگ میں ہر وقت درد رہتا ہے۔ پاؤں پر سوجن آ جاتی ہے اور سانس بہت جلد پھول جاتا ہے۔ تھوڑا سا کام کرنے سے تھکاوٹ ہو جاتی ہے۔ دل میں بھی درد کی شکایت کرتی ہے۔علاج وغیرہ بھی کرایا ہے مگر کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ میرے چار بچے ہیں دو لڑکیاں اور دو لڑکے جن کی عمریں بالترتیب دس سال، ساڑھے سات سال، ساڑھے پانچ سال اور ڈھائی سال ہیں۔ ان میں سے بھی ہر وقت کوئی نہ کوئی بیمار رہتا ہے۔ غرضیکہ میری آمدنی کا ایک تہائی حصہ دواؤں پر خرچ ہو جاتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ ایک دکھی انسان کی ضرور مدد کریں گے۔
جواب: گھر میں غلط قسم کی چکنائی استعمال کی جا رہی ہے۔ جس کی وجہ سے نظام ہضم اور جگر کا عمل بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ جو چکنائی آپ کے گھر استعمال ہوتی ہے اسے تبدیل کر کے صرف کارن آئل استعمال کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ پرہیز کریں۔ بازار کے پسے ہوئے مصالحے نہ کھائیں۔ مصالحے گھر میں پیس کر کھائے جائیں۔ بازار کا پسا ہوا نمک بھی نہ کھائیں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔