Spiritual Healing

پریشانیوں نے گھر دیکھ لیا ہے

سوال: آج سے سات سال پہلے ہمارا گھرانہ بہت خوش حال تھا پھر ہمارے والد کا انتقال ہو گیا اس کے بعد پریشانیوں نے ہمارا گھر دیکھ لیا۔ آئے دن پریشانیاں ہم سب کو گھیرے ہوئے ہیں۔ ہمارے ابو فوت ہو گئے تو والدہ ذہنی توازن کھو بیٹھیں اس کے بعد بڑے بھائی کی حالت خراب ہو گئی۔ علاج میں بہت سا پیسہ صرف ہوا لوگوں کے کہنے پر ان کی شادی کر دی۔ شادی کے دو سال بعد وہ علیحدہ ہو گئے پھر ان سے چھوٹے بھائی کی بھی ایسی حالت ہو گئی اور پھر ان کا انتقال ہو گیا۔ اب ان سے چھوٹے بھائی کی بھی یہی حالت ہو رہی ہے۔ طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں ہر انسان میں عیب نکالتے ہیں حتیٰ کہ بھائیوں اور بہنوں سے بھی لڑتے ہیں۔ کام میں جی نہیں لگتا۔ انسانوں سے وحشت ہوتی ہے۔ لوگوں کے کہنے پر انہوں نے اپنی دکان بیچ کر سرمایہ کاروبار میں لگایا جس سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ غرض ہر وقت کوئی نہ کوئی مسئلہ گھر میں رہتا ہے۔ کوئی وظیفہ یا عمل تلقین کر دیں اور محفل مراقبہ میں دعا بھی کرائیں۔

جواب: لوبان کے چھوٹے چھوٹے چالیس ٹکڑے لیں۔ ہر ٹکڑے پر کسی پن یا سوئی کی نوک سے نو کا ہندسہ بنا دیں۔ ضروری نہیں ہے کہ ہندسہ لکھا ہوا نظر آئے۔ رات کو لوبان کا ٹکڑا دہکتے ہوئے کوئلوں پر ڈالیں اور تمام گھر میں اس کا دھواں دیں۔ روزانہ ایک ٹکڑا جلائیں۔ اس طرح چالیس ٹکڑے جلائیں۔ ہفتے میں ایک دن مقرر کر کے غریبوں کو کھانا کھلائیں اور مستحقین کی مدد کو اپنا معمول بنا لیں۔


Topics


Roohani Daak (2)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔