Spiritual Healing
سوال: میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں یتیم ہوں تقریباً 10سال سے کوئی ٹھکانہ نصیب نہیں ہوتا کبھی کوئٹہ، کبھی حیدر آباد اور کبھی کراچی جس کام میں ہاتھ ڈالتا ہوں کوئی نہ کوئی ایسی بات ہو جاتی ہے کہ چھوڑنا پڑتا ہے اپنا کام کرتا ہوں تو نقصان ہو جاتا ہے۔ مسائل سے تنگ آ چکا ہوں، خود اعتمادی ختم ہو چکی ہے۔ اللہ تعالیٰ رزق دے اور پریشانیاں دور فرما دے۔(آمین)
جواب: صبح سویرے بیدار ہو کر فجر کی نماز با جماعت ادا کریں اور شمال رخ کھڑے ہو کر دعا کی طرح ہاتھ باندھ لیں، ایک بار سورۃ اخلاص پڑھ کر ہاتھوں پر دم کر کے ہاتھ تین بار چہرے پر پھیر لیں۔ پھر دعا کی طرح ہاتھ باندھ لیں اور ایک مرتبہ سورہ اخلاص پڑھ کر ہاتھوں پر دم کر کے ہاتھ تین بار چہرے پر پھیر لیں ۔اس طرح سورہ اخلاص پڑھ کر ہاتھوں پر دم کر کے 9مرتبہ چہرے پر پھیر لیں۔ عمل کی مدت چالیس روز ہے اگر کسی روز آنکھ نہ کھلے یا کوئی مجبوری ہو جائے اور سورج نکل آئے تو ناغہ کر دیں۔ یہ عمل صرف سورج طلوع ہونے سے پہلے کرنا ہے۔ چلتے وقت ہمیشہ سیدھے ہو کر چلیں ڈھیلے جسم سے نہ چلیں۔ چہرہ شگفتہ رکھیں ۔ بے رونق چہرہ دوسرے لوگوں کو متاثر نہیں کرتا ۔ کاروباری زندگی بہت زیادہ ضروری ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔